معروف پاکستانی پاپ گلوکار علی رواں ماہ جاری ہونے والے اپنے گانے ’یار دی اکھ‘ میں ماڈل انیسہ شیخ کے نازیبا اور بولڈ لباس پر ان دنوں تنقید کی زد میں ہیں۔
مزید پڑھیں
علی ظفر نے اپنے نئے گانے ’یار دی اکھ‘ کی ویڈیو گزشتہ ماہ ریلیز کی تھی۔ اس ویڈیو کو اب تک 1.9 ملین ویوز مل چکے ہیں۔ جہاں اس گانے اور ویڈیو کو کئی لوگوں نے پسند کیا وہیں ایسے سوشل میڈیا صارفین بھی ہیں جنہوں نے ماڈل انیسہ شیخ کے بولڈ لباس پر علی ظفر کو آڑے ہاتھوں لیا۔
علی ظفر کے آفیشل یوٹیوب چینل پر جاری کی گئی 4 منٹ 19 سیکنڈ کی یہ ویڈیو 2 مختلف براعظموں کے ساحلوں پر بنائی گئی ہے۔ اس ویڈیو کو علی ظفر نے محبت کے نشے میں ڈوبے لوگوں کے نام کیا ہے۔
اس گانے کی شاعر اور کمپوزر حسن بادشاہ ہیں جبکہ علی ظفر نے اس گانے کی ویڈیو کو خود ڈائریکٹ اور پروڈیوس کیا ہے۔ گانے کا میوزک علی ظفر اور علی مصطفیٰ نے ترتیب دیا ہے۔ گانے کی ویڈیو میں لاس اینجلس کی ماڈل انیسہ شیخ نے ساحل سمندر پر حسن کے جلوے بکھیرے ہیں۔
’جمالیات صرف لڑکی کے لیے اہم کیوں؟‘
گلوکار کی جانب سے اپنے گانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتے ہی سوشل میڈیا صارفین خصوصاً خواتین نے گلوکار پر تنقید کے نشتر برسانا شروع کر دیے۔
صارف زوئے۔زوئے نے علی ظفر کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا، ’مجھے علی پسند ہیں لیکن ایمانداری سے کہتی ہوں کہ یہ احمقانہ پن ہے کہ لڑکی نے سردی میں بولڈ لباس پہنا ہوا ہے جبکہ گلوکار خود کوٹ میں آرام سے کھڑے ہیں، جمالیات صرف لڑکی کے لیے ہی اہم کیوں ہیں؟ باوجود اس کے کہ وہ دونوں الگ الگ ساحلوں پر موجود تھے لیکن ویڈیو میں ایسے دکھایا گیا کہ وہ دونوں ایک ہی ساحل پر موجود ہیں۔‘
’خواتین کے انتخاب پر فیصلہ کرنے سے گریز کریں‘
اس تنقیدی وار پر علی ظفر خاموش نہ رہ سکے اور جواب دیا، ’زوئے! آپ ٹھیک کہہ رہی ہیں لیکن یہ 2 مختلف براعظموں کے 2 مختلف ساحل ہیں جن کے مناظر مختلف اوقات میں ریکارڈ کیے گئے، میں سڈنی میں تھا، جبکہ ماڈل لاس اینجلس میں تھی۔‘
علی ظفر نے مزید کہا، ’اس ویڈیو کا مقصد فاصلے کے باوجود تعلق کی خوبصورتی کو دکھانا تھا جہاں ہم دونوں نے وہی پہنا جو ہم محسوس کررہے تھے، مجھے آپ کی رائے کی قدر ہے لیکن میں کہنا چاہتا ہوں کہ آئیں! ایک ایسی دنیا بنائیں جہاں ہم انفرادیت کا جشن منائیں اور دوسروں خصوصاً خواتین کے اظہار خیال کے انتخاب پر فیصلہ کرنے سے گریز کریں۔‘
ایک اور صارف نور نے ویڈیو پر علی ظفر سے سوال کیا کہ آپ نے ساحل پر گرم کوٹ کیوں پہنا تھا۔ علی ظفر نے جواب دیا، ’نور! وہاں سردی تھی۔‘
صارف شاہد مغل نے گلوکار کو مشورہ دیا، ’علی بھائی پاکستان اس طرح کی میوزک ویڈیو کے لیے تیار نہیں ہے۔‘
واضح رہے کہ علی ظفر نے 2 ماہ قبل معروف لوک گلوکار عطا اللہ خان عیسیٰ خیلوی کے ساتھ اپنا ہٹ گانا ’بالو بتیاں‘ ریلیز کیا تھا جس نے دنیا بھر میں مداحوں کی توجہ حاصل کی تھی اور مختصر عرصہ میں 25 ملین ویوز حاصل کیے تھے۔