دکی کی سب جیل سے 3 قیدی فرار، غفلت برتنے پر 3 پولیس اہلکار گرفتار

پیر 1 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچستان کے ضلع دکی کی جیل سے 3 قیدی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، جس کی پاداش میں غفلت برتنے پر پولیس اہلکار کو گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق دکی کی سب جیل کے قیدی آج اس وقت فرار ہوئے جب ایک درجن سے زیادہ قیدیوں کو معمول کے مطابق غسل خانے لے جایا جارہا تھا۔ ایسے میں 3 قیدی غسل خانے کا روشن دان توڑ پر فرار ہوگئے۔

وی نیوز سے بات کرتے ہوئے دکی پولیس کنٹرول روم کے کانسٹیبل احمد جان نے بتایا کہ واقعہ صبح 9 بج کر 45 منٹ پر اس وقت پیش آیا جب دیگر قیدیوں کو جیل منتقل کیا جارہا تھا اس دوران معلوم ہوا کہ 3 قیدی غسل خانے کے روشن دان کو توڑ کر فرار ہوگئے ہیں۔ فرار ہونے والے قیدیوں کا تعلق بلوچستان کے علاقے گلستان اور لورالائی سے تھا۔

انہوں نے بتایا کہ مفرور قیدی عصمت اور کبیر کا تعلق گلستان جبکہ محمد صدیق کا تعلق لورالائی سے ہے۔

غفلت برتنے پر 3 پولیس اہلکار گرفتار، قیدیوں کی تلاش شروع

احمد جان نے کہاکہ سب جیل سے قیدیوں کے فرار ہونے کے معاملے پر محکمانہ کارروائی کے دوران 3 پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ گرفتار ہونے والوں میں جیل وارڈن، گارڈ انچارج اور سپاہی شامل ہیں، جبکہ امور کی انجام دہی کے دوران غفلت برتنے پر گرفتار پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

دوسری جانب پولیس کی جانب سے قیدیوں کی تلاش کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے جس کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔

واضح رہے کہ سب جیل سے فرار ہونے والے قیدی ڈکیتی کے الزام میں گزشتہ 3 ماہ سے دکی جیل میں قید تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp