وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین، لیگی رہنما راجہ خرم نواز سمیت 5 ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری

منگل 2 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سمیت لیگی ایم این اے راجہ خرم نواز، سابق ایم پی اے عمر تنویر بٹ، حیدر بن مسعود اور راجہ ماجد حسین کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔ عدالت نے بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی ویڈیو لنک پیشی کے حوالے سے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سے تحریری جواب بھی طلب کیا۔

انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد کے جج طاہر عباس سپرا کی عدالت میں دوران سماعت علی نواز اعوان، واثق قیوم، عامر کیانی و دیگر عدالت میں پیش ہوئے جبکہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور اور عامر مغل کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی۔

مزید پڑھیں: کارِ سرکار میں مداخلت، محمود خان اچکزئی کے وارنٹ گرفتاری جاری

جج طاہر عباس سپرا نے کہا کہ کسی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست قبول نہیں ہوگی، یہ کوئی وجہ نہیں ہے کہ وہ شہر سے باہر ہوں تو عدالت میں پیش نہیں ہوسکتے۔ اس دوران جج طاہر عباس سپرا نے استفسار کیا کہ حاضری پوری نہ ہونا ملزموں پر ہے یا کورٹ پر؟ وکلاء نے جواب دیا کہ حاضری پوری کرنا ملزموں پر ہے۔

جس کے بعد جج نے ریمارکس دیے کہ تمام غیر حاضر ملزموں کے وارنٹ گرفتاری ہوں گے۔ تاہم، وکلا نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ اگلی پیشی پر تمام ملزموں کی حاضری یقینی ہوگی۔

انسداد دہشتگردی عدالت کے جج نے تمام غیر حاضر ملزموں کے بلا ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ پیشی پر حاضری والے سے مکمل یقین دہانی کروائی جائے گی تو پھر وارنٹ کا معاملہ دیکھیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی خفیہ ایجنسی را کے گرفتار دہشتگرد انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش

اس موقع پر وکلا صفائی نے استدعا کی کہ ایک موقع دیا جائے، اگلی پیشی پر تمام ملزمان پیش ہوں گے۔ جس پر جج نے کہا جو ملزم 8 تاریخ کو نہیں آئیں گے ان کو اشتہاری قرار دوں گا۔ عدالتی مفرور کو اشتہاری قرار دینے کے لیے 30 دن ضروری نہیں ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں نے ان کیسز کو انجام تک پہچانا ہے، آپ کا ہی اس میں فائدہ ہے، اگر کیسز میں جان ہوئی تو چلیں گے ورنہ فارغ ہوں گے۔

عدالت نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سمیت 5 غیر حاضر ملزموں کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے دونوں مقدمات کی سماعت 8 جولائی تک ملتوی کردی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp