سابق وزیراعظم پاکستان نواز شریف نے کہا ہے کہ ملک کے اندر عدم استحکام پیدا کرنے اور ملک کے باہر پاکستان کو بدنام کرنے والے عناصر کو نہ جمہوریت سے کوئی دلچسپی ہے نہ عوام کے مسائل سے کوئی سروکار ہے۔
ایوان بالا سینیٹ میں مسلم لیگ ن کے پارلیمانی لیڈر عرفان صدیقی سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہاکہ یہ لوگ کسی بھی محاذ پر پاکستان کی کمزوری یا ناکامی کو اپنی سیاسی کامیابی خیال کرتے ہیں۔ 7 سال پہلے پاکستان نے جن مسائل پر قابو پا لیا تھا آج پھر سنگین شکل اختیار کرچکے ہیں، لیکن انشااللہ مخلص اور محنتی قیادت اِن مشکلات پر قابو پا لے گی۔
یہ بھی پڑھیں نواز شریف ورک فرام ہوم کیوں کر رہے ہیں؟
نواز شریف نے کہاکہ آج سے 7 سال پہلے ملک نے مہنگائی، لوڈ شیڈنگ اور دہشتگردی جیسے مسائل پر قابو پا لیا تھا، ہم نے آئی ایم ایف سے نجات حاصل کر لی تھی لیکن 2018 کے بعد ملکی تباہی و بربادی اور ہر شعبے میں زوال کا جو سلسلہ شروع ہوا اس نے عوام کے لیے سنگین مسائل پیدا کر دیے، جن پر قابو پانے کے لیے بہت وقت درکار ہے۔
یہ بھی پڑھیں ہم 9 مئی والے نہیں 28 مئی والے ہیں، عمران خان کو اپنے کیے کا جواب دینا ہوگا، نواز شریف
’دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کرنے کے لیے مسلح افواج اور سیکیورٹی اداروں کی مکمل حمایت کی جانی چاہیے‘
سابق وزیراعظم نے کہاکہ دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کرنے کے لیے مسلح افواج اور سیکیورٹی اداروں کی مکمل حمایت کی جانی چاہیے کیونکہ امن و امان کا گہرا تعلق سرمایہ کاری اور ترقی و خوشحالی سے ہے۔ اس سلسلے میں پارلیمنٹ کو توانا کردار ادا کرنا چاہیے۔
اس موقع پر سینیٹر عرفان صدیقی نے صدر مسلم لیگ (ن) نواز شریف کو سینیٹ میں پارلیمانی پارٹی کی کارکردگی کے حوالے سے رپورٹ پیش کی۔