بڑھتی مہنگائی، مہنگے علاج اور بے انتہا غربت کے ہاتھوں تنگ سندھ کے ضلعے نوشہرو فیروز میں ایک باپ نے اپنی نومولود بیٹی زندہ دفنا دیا۔
نوشہروفیروز پولیس کے مطابق بچی کے باپ کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ اس کی نشاندہی پر بچی کی لاش پوسٹ مارٹم کی غرض سے قبر سے نکال لی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: ملتان کے مزدور گرمیوں میں بارش کے بجائے دھوپ کی دعا کیوں مانگتے ہیں؟
پولیس کے مطابق بچی کوپیدائش سے ہی خون کی کمی تھی اور ڈاکٹر نے نوشہرو فیروز کے علاقے ٹھاروشاہ کے رہائشی کو حیدرآباد لےجانےکامشورہ دیا تھا۔ اس دوران بچی کے باپ کا کہنا تھا کہ اس کے پاس یہاں علاج کرانے کے پیسے نہیں تو وہ بچی کو حیدرآباد لے جانے کے پیسے کہاں سے لائے۔
سینئیر صحافی غلام مصطفی نے وی نیوز کو بتایا کہ یہ اس نوعیت کا پہلا واقعہ ہے جس کی وجہ کم علمی اور غربت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بچی 15 روز پہلے پیدا ہوئی تھی اور بیمار تھی جسے مقامی اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹر نے بتایا تھا کہ بچی میں خون کی کمی ہے اور اسے حیدر آباد یا کراچی لے جاکر علاج کرایا جائے۔
یہ بھی پڑھیے: کیا سندھ گورنر ہاؤس کے باہر لگا ’امید کا گھنٹہ‘ چوری ہوگیا؟
غلام مصطفی نے کہا کہ یہ انتہائی غریب لوگ ہیں اور ان کے پاس مقامی اسپتال لانے لے جانے تک کے پیسے نہیں تھے تو حیدرآباد یا کراچی کیسے جاتے۔ ان کا کہنا تھا کہ باپ بچی کی تکلیف نہیں دیکھ پایا اور اسے دفنا دیا۔
صحافی نے بتایا کہ باپ کی موجودگی میں قبر کشائی ہوچکی ہے اور پوسٹ مارٹم کے بعد میڈیکل رپورٹ آئے گی تو دیگر وجوہات اور حقائق سامنے آجائیں گے۔