مظفر گڑھ میں لیہ کے علاقے کوٹ سلطان میں کھانا پکانے میں تاخیر پر سسرال والوں نے خاتون کو مبینہ طور پر شدید تشدد کر کے قتل کردیا۔
کوٹ سلطان پولیس نے مقتولہ پروین بی بی کے چچا عبدالمجید کی مدعیت میں قتل کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: خاتون کو چھریوں کے وار سے قتل کردیا گیا، دیور گرفتار
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ پروین کے شوہر محمد یوسف نے اپنے بھائیوں محمد اعجاز، محمد یونس اور نادر کے ساتھ مل کر پروین بی بی کو مبینہ طور پر محض اس لیے شدید تشدد کا نشانہ بنایا کہ بقول ان کے اس نے کھانے پکانے میں تاخیر کیوں کی۔
مزید پڑھیں: پنجاب: بچہ حاصل کرنے کے لیے حاملہ خاتون کا قتل، اتائی ڈاکٹر بھی ملوث نکلا
فرسٹ انوسٹی گیشن رپورٹ (ایف آئی آر) میں بھی بتایا گیا ہے کہ مبینہ ملزمان نے پروین بی بی کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں وہ بے ہوش ہو گئیں۔ انہیں تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال سے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال اور پھر ملتان کے نشتر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔
یہ بھی پڑھیں: خاتون کو زیادتی کے بعد قتل کرنے والے مجرم کو 2 بار سزائے موت کا حکم
شکایت کنندہ پروین بی بی کے چچا عبدالمجید نے کہا کہ اس کی موت کے بعد پوسٹ مارٹم بھی کیا گیا تھا۔ لیہ کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اسد الرحمان نے دعویٰ کیا کہ ملزمان کو ہر حال میں گرفتار کیا جائے گا کیونکہ خواتین کے خلاف تشدد برداشت نہیں کیا جائے گا اور معاملے کی تحقیقات کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔