پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشنز سمیت چاروں صوبوں کے الیکشن کمیشن سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا ہے، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے استعفے کا مطالبہ کیا ہے اور سپریم کورٹ کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان اور سینیٹر شبلی فراز نے پی ٹی آئی کارکنان کے ہمراہ پریس کانفرنس کی، عمر ایوب خان نے کہا کہ میں اپنی قانون ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، یہ حق اور سچ کہ فتح ہوئی ہے۔ سابق وزیراعظم اور بانی چیئرمین پی ٹی آئی کا راستہ اللہ تعالیٰ کھول رہا ہے، وہ جلد اس ملک کے وزیراعظم بانی چیئرمین پی ٹی آئی ہوں گے۔
انہوں نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر اور 4الیکشن کمیشن کے ممبران فل فور استعفیٰ دیں، پاکستان تحریک انصاف الیکشن کمیشن سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتی ہے۔ کیونکہ الیکشن کمیشن نے آئین اور قانون کی تشریح ذاتی مفادات کی بنیاد پر غلط طریقے سے کی۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشنر پر آرٹیکل 6 لگنا چاہیے، یہ واضح ہونا چاہیے اور آئندہ کسی کی جرات نہ ہو کہ کوئی عوامی مینڈیٹ کی توہین کرے۔ لوگ پوچھتے تھے پی ٹی آئی کے امیدوار کیسے آئیں گے۔ ہم نے کہا تھا اڈیالہ کے ارد گرد فولاد کی دیواریں بھی بنا لیں تو پی ٹی آئی آئے گی۔
پورے پاکستان کے لیے آج خوشی کا دن ہے، بیرسٹر گوہر
بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف تمام لوگوں کی مشکور ہے، آج پاکستان میں جمہوری قوتوں کے لیے اور پاکستان تحریک انصاف کے ورکرز کے لیے اور پورے پاکستان کے لیے آج خوشی کا دن ہے۔ پاکستان تحریک انصاف نے انٹرا پارٹی انتخابات کروائے۔ پاکستان تحریک انصاف نے 2022, 23 اور 2024 میں انٹرا پارٹی انتخابات کروائے جو الیکشن کمیشن نے بدنیتی کی بیناد پر کالعدم قرار دیے۔
’آج الحمدللہ سپریم کورٹ نے یہ فیصلہ دیا کہ تحریک انصاف پارٹی تھی اور پارٹی ہے‘۔
پاکستان تحریک انصاف انصاف نے ملک بھر پارٹی ٹکٹ جاری کیے، ہمارے نمائندوں سے ٹکٹ چھینے گئے۔ ہم نے الیکشن کمیشن کو 780 صفحات پر مشتمل دستاویزات الیکشن کمیشن میں جمع کروائیں۔ نشان الاٹ ہونے کا فیصلہ سپریم کورٹ کا رات 11 بجے آیا۔ الیکشن کمیشن نے آزاد امیدواروں کو دوپہر 4 بجے نشان الاٹ کیے۔
انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے جمہوریت مضبوط ہوگی، یہ آئین اور قانون کے مطابق فیصلہ آیا ہے، پی ٹی آئی ایک تھی اور ایک رہے گی۔ ہمارے تاحیات چیئرمین بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان ہیں۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اس فیصلے کے فوراً بعد ہم الیکشن کمیشن سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ہمارا سرٹیفیکیٹ جاری کیا جائے، ہم پیر یا منگل کو سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق تمام امیدواروں کی دستاویزات الیکشن کمیشن میں جمع کروائیں گے۔ ہم امید کرتے ہیں الیکشن کمیشن فیصلے کے مطابق عملدرآمد کرے گا۔