گزشتہ چند برسوں سے پاکستان کی مڈل کلاس کے لیے کار تو کیا موٹرسائیکل خریدنا بھی مشکل ہوچکا ہے۔ پاکستان میں عموماً ہنڈا 125 کو بہت زیادہ پسند کیا جاتا ہے لیکن موٹرسائیکل چلانے والے بیشتر افراد خصوصاً نوجوان ایسے موٹرسائیکل خریدنے کی خواہش رکھتے ہیں جو پائیدار اور اسٹائلش ہوں۔
پاکستانی مڈل کلاس کی یہ ضرورت سوزوکی جی آر 150 یا یاماہا وائے بی آر جیسے موٹرسائیکل پوری کرتے ہیں، لیکن آسماں چھوتی مہنگائی کے سبب ان موٹرسائیکلوں کی قیمتیں اس قدر بڑھ چکی ہیں کہ لوگوں کے لیے یہ اسٹائلش موٹرسائیکل خریدنا آسان نہیں رہا۔
یہ بھی پڑھیں: فیکٹ چیک: کیا ہنڈا نے موٹرسائیکلوں کی قیمتیں کم کر دیں؟
دوسری جانب، کسٹمرز کی تعداد میں کمی کے باعث کمپنیوں کو بھی چیلنج کا سامنا ہے، موٹرسائیکلوں کی قیمتوں میں کمی کرنا شاید ان کے بس میں نہیں۔ تاہم یہ کمپنیاں اپنی منفرد رعایتی آفرز کے ذریعے کسٹمرز کو اپنی پسند کا موٹرسائیکل خریدنے کا حوصلہ دے رہی ہیں۔
ہنڈا اٹلس کے بعد اب ایک اور جاپانی موٹرسائیکل ساز کمپنی ’سوزوکی‘ نے پاکستان میں اپنے کسٹمرز کے لیے چند روز قبل ایک نہایت زبردست پیشکش کا اعلان کیا ہے۔
سوزوکی جی آر 150 آفر
سوزوکی کی جانب سے اپنی نئی رعایتی آفر کا اعلان 10 جولائی کو ایک فیس بک پوسٹ میں کیا گیا۔ یہ آفر سوزوکی جی آر 150 پر پیش کی گئی ہے۔ اس آفر کے مطابق کسٹمرز ’سوزوکی جی آر 150‘ کو زیرو مارک اپ اور 25 فیصد ڈاؤن پیمنٹ کے ساتھ 24 ماہانہ آسان اقساط میں حاصل کرسکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت نے دنیا کی پہلی سی این جی بائیک متعارف کرا دی
سوزوکی کی جانب سے کسٹمرز کو کہا گیا ہے کہ وہ سوزوکی شوروم یا ان کی ویب سائٹ پر جاکر اس بارے میں مزید معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔
جی آر 150 کی قیمت کیا ہے؟
سوزوکی جی آر 150 کا شمار پاکستان میں مہنگے ترین موٹرسائیکلوں میں کیا جاتا ہے۔ اس کی پاکستان میں موجودہ قیمت 5 لاکھ 47 ہزار روپے ہے۔ اس اعتبار سے کسٹمرز کو 22 ہزار 790 روپے ماہانہ قسط کی ادائیگی کرنا ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: بجٹ کے بعد سی ڈی 70 اور سی جی 125 کی نئی قیمت سامنے آگئی
سوزوکی موٹرسائیکلوں کی قیمتوں میں اضافہ اسمبلرز کی جانب سے کیا گیا ہے، کمپنی کی جانب سے اب تک قیمتوں میں اضافے کی وجوہات نہیں بتائی گئیں۔ تاہم، کہا جارہا ہے کہ درآمد سے متعلقہ مشکلات، مہنگے خام مال اور روپے کی گرتی ہوئی ساکھ اس موٹرسائیکل کی قیمت میں اضافے کی اہم وجوہات ہوسکتی ہیں۔