غزہ: اسکول پر اسرائیلی میزائل حملوں میں 17 فلسطینی پناہ گزین شہید

پیر 15 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسرائیلی میزائلوں کے نتیجے میں غزہ میں ایک اسکول میں نصیرت قائم پناہ گزین کیمپ میں 17 بے گھر فلسطینی جاں بحق اور 80 زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق وسطی غزہ میں نصرت پناہ گزین کیمپ میں مکانات پر فضائی حملوں میں متعدد افراد کے شہید ہونے کے علاوہ خان یونس کے مشرق میں ایک مکان پر بمباری کی گئی جس میں شہدا کی تعداد نامعلوم ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نومنتخب برطانوی وزیراعظم نے غزہ میں جنگ بندی اور تنازعہ فلسطین کے دو ریاستی حل کا مطالبہ کردیا

یہ حملے اسرائیلی میزائلوں کے نتیجے میں ہوئے جن میں اقوام متحدہ سے منسلک ابو اوریبان اسکول میں پناہ گزینوں کو پناہ دینے والے نصیرت پناہ گزین کیمپ میں کم از کم 17 افراد کی شہادت اور 80 کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔

غزہ حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملوں سے 24 گھنٹوں میں مزید 150 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔

دریں اثنا برازیل کے صدر لوئیز اناسیو لولا دا سلوا نے غزہ میں نہ ختم ہونے والے قتل عام اور نام نہاد محفوظ علاقوں پر اسرائیل کے پے در پے حملوں کی مذمت کی ہے، جس میں المواسی کیمپ میں 90 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

حماس کے ایک رکن عزت الرشیق نے ان خبروں کی تردید کی ہے کہ گروپ نے حال ہی میں ہونے والے جنگ بندی کے مذاکرات سے دستبرداری اختیار کر لی ہے۔

مزید پڑھیے: غزہ جنگ کے 9 ماہ، کتنے بچے اور خواتین شہید ہوئیں؟

واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ پر اسرائیل کی جنگ میں کم از کم 38,443 افراد شہید اور 88,481 زخمی ہوچکے ہیں۔ 7 اکتوبر کو حماس کے زیرقیادت حملوں میں اسرائیل میں مرنے والوں کی تعداد 1,139 بتائی جاتی ہے اور درجنوں افراد اب بھی غزہ میں قید ہیں۔

فلسطینی انسانی حقوق کے 3 گروپوں نے بین الاقوامی برادری پر اسرائیل کی طرف سے غزہ میں فلسطینی شہریوں کے دانستہ قتل عام کا الزام لگایا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ جاری نسل کشی کو ختم کرنے میں عالمی برادری کی ناکامی کے باعث اسرائیل کو حملوں شہ ملی ہے جس میں المواسی کے علاقے میں تازہ ترین خوفناک قتل عام بھی شامل ہے جس میں کم از کم 90 افراد شہید ہوئے اور شاتی پناہ گزین کیمپ میں جہاں اسرائیلی جنگی طیاروں نے نماز کے وقت فلسطینیوں پر بمباری کی جس سے 22 افراد شہید ہوئے۔

فلسطینی مرکز برائے انسانی حقوق، الحق اور المیزان سینٹر فار ہیومن رائٹس نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ بین الاقوامی بے عملی اسرائیل کو بین الاقوامی جرائم کے ارتکاب کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔

مزید پڑھیں: حکومتِ پاکستان کا جنگ زدہ غزہ کے میڈیکل طلبا کے لیے بڑا اعلان

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی نسل کشی کی کارروائیوں کو مسلح کرنے اور مالی امداد فراہم کرنے والی ریاستیں ان جرائم بشمول نسل کشی میں شریک ہیں۔

وفا خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق وسطی غزہ کے قصبے عز زاویدہ میں مسلح ڈرونز نے شہریوں پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں اسرائیلی فورسز کے رات گئے حملوں میں ایک شخص شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔

غزہ شہر کے علاقے زیتون میں بھی ڈرونز نے شہریوں پر حملہ کیا جب کہ رفح شہر کے مشرقی علاقے کفر المشرو میں اسرائیل کی بمباری سے ایک شخص شہید اور متعدد زخمی ہوئے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp