35 اراکین قومی اسمبلی نے پی ٹی آئی سے وابستگی کے حلف نامے جمع کرادیے

پیر 15 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سپریم کورٹ کے 12 جولائی کے فیصلے کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حمایت سے الگ حیثیت میں انتخابات جیتنے والے 35 اراکین قومی اسمبلی نے پی ٹی آئی سے وابستگی کے حلف نامے جمع کرادیے ہیں۔

پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق اب تک 35 ارکان قومی اسمبلی نے پی ٹی آئی سے وابستگی کے حلف نامے جمع کرادیے ہیں جبکہ سندھ کے 9 ایم پی ایز نے بھی اس حوالے سے پارٹی سے رابطہ کرلیا ہے۔

مزید پڑھیے: سپریم کورٹ نے کونسے 39 ایم این ایز کو تحریک انصاف اور کونسے 41 کو آزاد قرار دیا؟

ذرائع نے بتایا کہ پنجاب سے 100 سے زائد ارکان نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرلی ہے،  پی ٹی آئی قیادت کی پارٹی وابستگی سرٹیفکیٹ سے متعلق مشاورت کا عمل جاری ہے۔

دوسری جانب قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کے مطابق صاحبزادہ امیر سلطان ایم این اے کا تصدیق شدہ بیانِ حلفی موصول ہوا ہے، جس کے تحت انہوں نے سپریم کورٹ کے احکامات کی تعمیل کرتے ہوئے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی ہے۔

 https://twitter.com/OmarAyubKhan/status/1812747346070917194?t=XdkVdzNFqFbaN8Bfz7ToIA&s=19

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس ڈاٹ کام پر اپنی ایک پوسٹ میں عمر ایوب کا کہنا تھا کہ صاحبزادہ امیر سلطان نے مبینہ طور پر انٹیلیجنس ایجنسیوں کے ہاتھوں اغوا اور جبری گمشدگی کا شکار ہونے سے ایک روز قبل اس دستاویز پر دستخط کیے تھے۔

عمر ایوب کے مطابق انہوں نے ایم این اے صاحبزادہ امیر سلطان کو ڈھونڈنے کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور سیکریٹری قومی اسمبلی سے بات کی ہے۔

عمر ایوب نے وزیر اعظم شہباز شریف پر صاحبزادہ امیرسلطان کے اغوا کا الزام عائد کرتے ہوئے لکھا ہے کہ صاحبزادہ امیر سلطان کو پہنچنے والے کسی بھی نقصان کے ذمہ دارآئی ایس آئی، آئی بی، ایم آئی، اسپیشل برانچ اورایف آئی یو کے ڈی جیز ہوں گے۔

’۔۔۔کیونکہ ہمیں جو معلومات ملی ہیں وہ یہ ہیں کہ مذکورہ انٹیلیجنس ایجنسیوں میں سے ایک نے صاحبزادہ امیر سلطان، ایم این اے، کو اغوا کیا ہے۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp