ٹی20 ورلڈ کپ میں آئی سی سی کو بھاری مالی نقصان، ذمہ دار بھارت یا امریکا؟

جمعرات 18 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے بورڈ کے اراکین نے ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے انتظام کے مختلف پہلوؤں خصوصاً مالی اور آپریشنل معاملات سے متعلق اپنے عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں ورلڈ کپ 2024 کی مالیاتی نگرانی سے متعلق اہم سوالات پر غور کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے میچز ڈیلاس، فلوریڈا اور نیویارک میں بھی کھیلے جائیں گے

امریکا میں منعقد ہونے والے ورلڈ کپ کے میچوں کے لیے اضافی 20 ملین ڈالر مختص کیے گئے تھے جس کے لیے آئی سی سی نے ایونٹس کے انتظام کے لیے ایک الگ خودمختار کمپنی قائم کی تھی۔

یہ انکشاف ہوا کہ اس کمپنی نے منظور شدہ بجٹ سے زائد 20 ملین ڈالر کی درخواست کی تھی۔ بورڈ کے ایک ڈائریکٹر نے انکشاف کیا کہ یہ رقم نقد ادائیگی کے لیے قرض کے طور پر مانگی گئی تھی۔

مختص بجٹ اور اخراجات

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکا میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ کے میچوں کے لیے 45 ملین ڈالر کا بجٹ رکھا گیا تھا جس میں سے 15 ملین ڈالر آپریشنل اخراجات اور 30 ​​ملین ڈالر نیویارک کے ناساؤ اسٹیڈیم کی تعمیر کے لیے مختص کیے گئے تھے۔

خرچے زیادہ اور اسٹیڈیم خالی

بورڈ کے ارکان کو زیادہ بجٹ اور میچوں میں کم حاضری پر بھی تشویش ہے۔

ویسٹ انڈیز میں ہونے والے میچوں کے دوران خالی اسٹیڈیم اور پچ کی خراب صورتحال کے حوالے سے سوالات اٹھائے جائیں گے۔

شیڈولنگ میں ’گڑبڑ‘

ہندوستانی براڈکاسٹ مارکیٹ کو پورا کرنے کے لیے ویسٹ انڈیز میں صبح کے اوقات میں میچوں کی شیڈولنگ پر بھی انکوائری ہوگی۔

مزید پڑھیے: ٹی20 ورلڈ کپ کی فاتح بھارتی ٹیم کے ہر کھلاڑی کو کتنی انعامی رقم ملے گی؟

ویسٹ انڈیز، ورلڈ کپ کا مرکزی میزبان ہونے کے ناتے آئندہ اجلاس کے دوران بورڈ کے ارکان کے سوالات کا سامنا کرے گا۔

کوآرڈینیشن کی خرابیاں

مزید یہ کہ رپورٹ میں ویسٹ انڈیز اور امریکا کی مقامی آرگنائزنگ کمیٹیوں کے درمیان ہم آہنگی کے فقدان کی نشاندہی بھی کی گئی ہے جس سے ایونٹ کے انتظام میں پیچیدگیاں پیدا ہوئیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp