گلگت بلتستان: بے ہنگم تعمیرات سے جنت نظیر خطے کی خوبصورتی ماند پڑنے لگی

اتوار 21 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گلگت بلتستان کا شمار پاکستان کے شمالی علاقہ جات میں ہوتا ہے، خوبصورت وادیوں اور پہاڑوں کی سرزمین کے دنیا بھر میں دیوانے موجود ہیں جو ہر موسم میں یہاں کھچے چلے آتے ہیں، بلتستان میں دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو موجود ہے، جہاں کوہ پیما مہم جوئی کرتے ہیں لیکن سیاحت کے فروغ کے لیے حکومتی سطح پر کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں اٹھائے جارہے۔

گلگت بلتستان ہوٹل انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے ایاز شگری نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں بے ہنگم تعمیرات ہورہی ہیں، جس کی وجہ سے خطے کی خوبصورتی ماند پڑ رہی ہے۔

وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سیاحتی مقامات پر بغیر کسی پلاننگ کے عمارتیں بن رہی ہیں لیکن ایسا کرنے والوں کو کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں سیاح گلگت بلتستان کے علاقوں میں سفر کس وقت کریں؟

انہوں نے کہاکہ گلگت بلتستان پہلے ہی موسمیاتی تبدیلیوں کی زد میں ہے، اگر بے ہنگم تعمیرات کا یہ سلسلہ جاری رہا تو مستقبل میں گلگت بلتستان کی خوبصورتی ختم ہو جائے گی۔

انہوں نے کہاکہ گلگت بلتستان میں ملک کے طول و عرض سمیت بیرون ممالک سے بھی سیاح آتے ہیں جو یہاں کی خوبصورتی کا لطف اٹھاتے ہیں۔

’گلگت بلتستان کے لوگ اپنی زمینیں فروخت کررہے ہیں اور باہر کے لوگ یہاں جگہ خرید کر ہوٹل تعمیر کررہے ہیں جو نقصان دہ ہے، یہاں کے لوگوں کو چاہیے کہ زمینیں فروخت کرنے کے بجائے سرمایہ کاری میں پارٹنر شپ کریں‘۔

ایاز شگری نے کہاکہ ہوٹل انڈسٹری میں کام کرنے والے افراد کے لیے ضروری ہے سیاحت کو پڑھیں اور تربیت حاصل کریں کیونکہ گلگت بلتستان میں دنیا بھر سے سیاح آتے ہیں، اس شعبے سے منسلک افراد کو معلوم ہونا چاہیے کہ ان کی مہمان نوازی کیسے کرنی ہے، تاکہ سیاحت کو مزید چار چاند لگائے جاسکیں۔

یہ بھی پڑھیں گلگت بلتستان میں سیاحت جوبن پر، سفر کے لیے کونسی حفاظتی تدابیر اختیار کریں؟

انہوں نے کہاکہ گلگت بلتستان میں ہوٹل انڈسٹری سے وابستہ افراد کو مشکلات کا سامنا ہے، کیونکہ یہاں طویل لوڈشیڈنگ کی وجہ سے کاروبار متاثر ہوتا ہے۔

ایاز شگری نے کہاکہ سیاحوں کو ہوٹل میں سہولیات کی فراہمی کے لیے بجلی بنیادی ضرورت ہے، اس کے علاوہ انٹرنیٹ کی سست روی بھی ایک بڑا مسئلہ ہے۔

انہوں نے کہاکہ روڈ انفراسٹرکچر بہتر نہ ہونا بھی سیاحت کے فروغ میں ایک رکاوٹ ہے، جبکہ صاف پانی کی فراہمی بھی ایک مسئلہ ہے، حکومت کو سنجیدگی سے ان مسائل کو حل کرنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں شائستہ صادق کا دل شنگریلا جھیل دیکھ کر کیوں ٹوٹا؟

ایاز شگری نے کہاکہ اگر حکومت سیاحت کے فروغ میں سنجیدہ ہے تو منصوبہ بندی کے تحت اقدامات کیے جائیں اور سیاحتی مقامات کو خراب ہونے سے بچایا جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp