جرمنی پاکستانی قونصل خانے پر حملے میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرے، پاکستان کا مطالبہ

اتوار 21 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان نے جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں انتہاپسندوں کی جانب سے قونصل خانے پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے ملوث افراد کو فوری گرفتار کرکے ان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ ویانا کنونشن کے تحت میزبان حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ قونصلر احاطے کے تقدس کی حفاظت کرے اور سلامتی کو یقینی بنائے۔

یہ بھی پڑھیں جرمنی میں افغان باشندوں کا پاکستانی قونصل خانے پر حملہ، سبز ہلالی پرچم کی بےحرمتی

ممتاز زہرا بلوچ نے کہاکہ جرمن حکام واقعہ کی تحقیقات کرکے سیکیورٹی میں غفلت برتنے والے افراد کو بھی جوابدہ ٹھہرائیں۔ ہم اس معاملہ پر جرمن حکومت کو اپنے شدید احتجاج سے آگاہ کررہے ہیں۔

دوسری جانب جرمنی میں پاکستانی سفارتخانے نے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ شرپسند عناصر نے فرینکفرٹ میں پاکستانی قونصل خانے پر توڑ پھوڑ کی ہے جو قابل مذمت ہے۔

یہ بھی پڑھیں پاکستان میں غیرقانونی طور پر مقیم افراد کے خلاف آپریشن روک دیا گیا

سفارتخانے نے بیان میں کہاکہ آئندہ ایسی صورتحال پیدا نہ ہونے کے لیے جرمن حکام سے رابطہ ہے، جبکہ پاکستانی کمیونٹی سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ صبر اور سکون کے ساتھ رہیں۔

واضح رہے کہ جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں افغان شہریوں کی جانب سے پاکستانی قونصل خانے پر پتھراؤ کیا گیا اور پاکستانی پرچم اتارنے کا افسوسناک واقعہ بھی پیش آیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp