پی ٹی آئی کا 3 ’چیفس‘ کے خلاف ریفرنسز لانے کا فیصلہ

پیر 22 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ملک کے 3 بڑے عہدیداروں کے خلاف ریفرنسز لانے کا فیصلہ کیا ہے۔

وی نیوز کے مطابق، پی ٹی آئی کی جانب سے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ، چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق، چیف الیکشن کمشنر اور چاروں ممبران کے خلاف ریفرنسز لانے پر تیاری شروع کردی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ فیصلے کا خیر مقدم، چیف الیکشن کمشنر کے خلاف آرٹیکل 6 کی کارروائی ہونی چاہیے: عمران خان

پانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ، چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق، چیف الیکشن کمشنر اور چاروں ممبران کے خلاف ریفرنسز سپریم جوڈیشل کونسل میں دائر کیے جائیں گے۔

قبل ازیں، بانی پی ٹی آئی عمران خان نے بیرسٹر علی ظفر کو چیف الیکشن کمشنر اور چاروں ممبران کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی ذمہ داری سونپی تھی۔

پاکستان تحریک انصاف کی قانونی ٹیم نے ریفرنسز پر کام تیز کردیا ہے اور ریفرنسز سے متعلق ابتدائی مشاورت بھی مکمل کر لی ہے۔ ترجمان پی ٹی آئی رؤف حسن نے تصدیق کی ہے کہ ریفرنسز پر کام جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی نئے انتخابات کی صورت میں خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل کرنے کے لیے تیار ہے، فضل الرحمان کا دعویٰ

واضح رہے کہ مخصوص نشستوں کے معاملے پر سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد عمران خان نے ایک بیان میں کہا تھا کہ وہ سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ فیصلے کے خلاف احتجاج کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے، چیف الیکشن کمشنر کو فوری طور پر عہدے سے استعفیٰ دے دینا چاہیے اور ان پر آرٹیکل 6 کی کارروائی ہونی چاہیے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp