بھارتی کرکٹ ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر نے روہت شرما اور ویرات کوہلی کی ورلڈ کپ 2027 میں شرکت کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تجربہ کار جوڑی میں اب بھی کافی کرکٹ باقی ہے، انہوں نے اس بات سے انکار نہیں کیا کہ یہ جوڑی 2027 میں آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ تک برقرار رہے گی۔
روہت اور کوہلی نے گزشتہ ماہ آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ میں ہندوستان کی کامیاب مہم کے بعد ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی اور 3 سال بعد جنوبی افریقہ، نمیبیا اور زمبابوے میں ہونے والے 50 اوورز کے ورلڈ کپ تک انہیں 2 سال سے زیادہ انتظار کرنا پڑے گا۔
مزید پڑھیں:بھارتی پولیس کا ایکشن، کیا ویرات کوہلی مشکل میں پھنس سکتے ہیں؟
ہیڈ کوچ گمبھیر چاہتے ہیں کہ ہندوستان کے عظیم کھلاڑیوں کی جوڑی اگلے سال آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی مہم میں اہم کردار ادا کرے اور ان کا خیال ہے کہ اگر ان کی فٹنس برقرار رہتی ہے تو وہ ٹاپ لیول پر کھیلنا جاری رکھ سکتے ہیں۔
گوتم گمبھیر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ روہت اور کوہلی نے دکھایا ہے کہ وہ بڑے سے بڑے میچ میں کیا کرسکتے ہیں، چاہے وہ ٹی20 ورلڈ کپ ہو یا 50 اوورز کا ورلڈ کپ۔ دونوں کھلاڑیوں میں بہت سی کرکٹ باقی ہے۔ اس سے بھی زیادہ اہم بات یہ ہے کہ دونوں کھلاڑیوں کی نظریں 2025 کی چیمپئنز ٹرافی اور رواں برس کے آخر میں دورہ آسٹریلیا پر مرکوز ہیں۔ پھر امید ہے کہ اگر وہ اپنی فٹنس برقرار رکھتے ہیں تو 2027 (ون ڈے) ورلڈ کپ بھی حصہ لے سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں:ویرات کوہلی نے بھارت چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا؟
گمبھیر بخوبی واقف ہیں کہ روہت اور کوہلی نے حالیہ دنوں میں بھارتی کرکٹ کے لیے کتنا کچھ کیا ہے اور وہ جانتے ہیں کہ ان کے مستقبل کے بارے میں کوئی بھی فیصلہ آخر کار ان کا ذاتی فیصلہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ورات اور روہت اب بھی عالمی معیار کے کھلاڑی ہیں اور ظاہر ہے کہ کوئی بھی ٹیم ان دونوں کو زیادہ سے زیادہ عرصے تک برقرار رکھنا چاہے گی۔