چیف جسٹس میرے مقدمات سننے والے بینچ میں شامل نہ ہوں، عمران خان کی ججز کمیٹی میں درخواست دائر

پیر 22 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق وزیراعظم پاکستان و بانی پی ٹی آئی عمران خان نے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پر باضابطہ طور پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا ہے اور اس سلسلے میں انہوں نے بینچز تشکیل دینے والی 3 رکنی کمیٹی میں درخواست دائر کرکے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو اپنے مقدمات سننے والے بینچز میں شامل نہ کرنے کی درخواست کی ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ میرے، میری اہلیہ، خاندان، پی ٹی آئی اور سنی اتحاد کونسل کے کسی بھی مقدمے کو سننے والے بینچ میں چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو شامل نہ کیا جائے۔ عمران خان نے موقف اپنایا ہے کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ میری، میری اہلیہ اور میری جماعت کو لے کر جانبدار ہیں۔

یہ بھی پڑھیں چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ مقدمات سے الگ نہ ہوئے تو ریفرنس دائر کیا جائے گا، عمران خان نے منظوری دیدی

عمران خان نے اپنی درخواست میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف دائر ہونے والے ریفرنس کا بھی ذکر کیا اور موقف اپنایا کہ ایسٹ ریکوری یونٹ کی نشاندہی پر قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا کہا گیا تھا، یہ ریفرنس ایک قانونی عمل کو پورا کرنے کے لیے دائر کیا گیا تھا تاہم چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی اہلیہ نے اسے اپنے اوپر ذاتی حملہ تصور کیا۔

عمران خان نے درخواست میں موقف اپنایا کہ اس ریفرنس کے بعد چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی اہلیہ نے میرے خلاف زہر اگلا اور میڈیا میں بیانات دیے، ایسی صورت میں درخواست گزار یہ سمجھتا ہے کہ میرے مقدمات میں چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی موجودگی سے انصاف کے تقاضے پورے نہیں ہوں گے۔

سابق وزیراعظم عمران خان نے اپنی درخواست کے ساتھ سرینا عیسیٰ کے ماضی کے بیانات کے عکس بھی لف کیے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں ہمیں مخصوص نشستیں ملنا ایجنسیوں کو برداشت نہیں ہورہا، پی ٹی آئی کا ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس پر ردعمل

عمران خان نے 3 رکنی کمیٹی سے استدعا کی ہے کہ میرے، میری اہلیہ، میرے خاندان، پاکستان تحریک انصاف یا سنی اتحاد کونسل کے مقدمات کو سننے والے بینچز میں چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کو نہ شامل کیا جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp