دنیا بھر میں ہر 3 ماہ بعد سستے ہونے والے موبائل فونز پاکستان میں کیوں اور کتنے مہنگے ہوئے؟

بدھ 24 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

حالیہ بجٹ کے بعد مہنگائی کے طوفان نے موبائل انڈسٹری کو بھی اپنے لپیٹ میں لے لیا ہے۔ عوام کو موبائل فون کی قیمتیں کم ہونے کی خبر  کو سنے ابھی بمشکل ایک ماہ ہی گزرا ہوگا کہ مارکیٹ جانے والے صارفین خالی ہاتھ لوٹنے پر مجبور ہیں۔ سوال یہ ہے کہ ایسا کیوں ہورہا ہے؟

موبائل فونز کی بڑھتی قیمتوں کے حوالے سے سینئر وائس چئیرمین موبائل فون ڈیلرز ایسوسی ایشن طہ مشتاق کہتے ہیں کہ بین الاقوامی سطح پر ہر تین ماہ بات موبائل فونز کے نئے ماڈلز آنے پر قیمتیں کم ہو جاتی ہیں، لیکن پاکستان میں اس کے بالکل برعکس معاملہ ہے اور ہر پانچ ماہ بعد ٹیکس بڑھ جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : موبائل فونز کی درآمدات میں نمایاں اضافہ

طہ مشتاق کے مطابق پاکستان میں پی ٹی اے کی قیمت ہر چند ماہ بعد بڑھ جاتی ہے۔ کہا جاتا ہے ڈالر کی وجہ سے ریٹ بڑھا دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی 2024 کے بجٹ میں تمام الیکٹرانک آئٹمز پر 18 فیصد ٹیکس بڑھا دیا گیا ہے۔ جو موبائل 10 ہزار روپے کا تھا وہ 18 ہزار روپے میں لینا پڑے گا۔ کاروبار کا یہ حال ہے کہ مارکیٹ میں اس وقت سناٹا ہے۔

موبائل مارکیٹ میں برسوں سے کاروبار کرنے والے تاجر اسرار جہانگیری کہتے ہیں کہ 50 ہزار روپے والا موبائل فون 60 ہزار روپے، 1 لاکھ والا ڈیڑھ لاکھ تک جا چکا ہے۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ قیمتیں بڑھتی جا رہی ہیں اور کاروبار دن بدن ختم ہوتا جا رہا ہے۔ کے الیکٹرک سمیت تمام ادارے  ٹیکس لیتے جا رہے ہیں۔ فائدہ صرف انہی کا ہے جو ٹیکس وصول کر رہے ہیں جس کا فائدہ عام عوام کو بالکل نہیں مل رہا۔

یہ بھی پڑھیں : مہنگائی کے دور میں سستے موبائل فون اور ٹیبلٹ کہاں سے ملتے ہیں؟

تاجر عبید الرحمن  کا کہنا ہے کہ حکومت کا مسلئہ یہ ہے کہ کوئی بھی قدم اٹھانے سے پہلے پوچھتی نہیں ہے۔ موبائل کا کام اچھا ہو گیا تھا، اب ٹیکس لگا دیا وہ بھی ہم سے پوچھے بنا جبکہ ہم اسٹیک ہولڈرز ہیں۔ جہاں پوری دنیا میں ٹیکنالوجی سستی کی جا رہی ہے وہیں ہمارے ہاں مہنگی کی جا رہی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp