برمنگھم میں نصیبو لال کے بیٹے کی پرفارمنس نے کیا گل کھلائے؟

بدھ 24 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مشہور گلوکارہ نصیبو لال کوک اسٹوڈیو کے سیزن 14 میں بیگم عابدہ پروین کے ہمراہ ’تو جھوم‘ گا کر اپنی شہرت کے عروج پر پہنچ چکی ہیں، جہاں ان کے مقبول گیت سرائیکی، پنجابی اور اردو زبانوں میں مقبول ہوچکے ہیں وہیں نصیبو لال کو پاکستانی پنجابی فلموں کے لیے پلے بیک سنگر کے طور پر بڑی پہچان ملی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کوک اسٹوڈیو سیزن 15: ساتویں گانے ’بلاک بسٹر‘ نے شائقین کے دل جیت لیے

آج کل نصیبو لال اپنے لائیو کنسرٹس کے لیے برمنگھم میں مقیم ہیں، جہاں گزشتہ رات انہوں نے اپنے بیٹے مراد حسین کے ہمراہ گائیکی کا مظاہرہ کیا، جنہوں نے لائیو پرفارمنس کے لیے اریجیت سنگھ کے بولی وڈ گانے ’وے کملیا‘ کا انتخاب کیا، جسے سوشل میڈیا پر بری طرح تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

اچھا ایک بات واضح کردی جائے کہ مراد حسین کو تنقید کا سامنا اپنے گانے کے ’بھارتی انتخاب‘ پر نہیں بلکہ ’بے سُرا‘ گانے کے عوض کرنا پڑا ہے، اس حقیقت کے باوجود کے نصیبو لال نے مراد حسین کو سہارا دینے کی کوشش میں ان کا ساتھ دینے کی کوشش کی تاہم مداحوں کا خیال ہے وہ اسے مکمل طور پر گا ہی نہیں سکے۔

گائیکی کے رموز سے وابستگی کا امتحان اور کارکردگی کا سوال اپنی جگہ لیکن ایسا لگتا ہے کہ سوشل میڈیا صارفین کو مراد حسین کے ڈریسنگ اور ہیئر سینس سمیت ان کی آواز بھی نہیں بھا سکی، بہت سوں کا خیال ہے کہ وہ نصیبو لال کے نہیں بلکہ اپنی ذات میں انوکھے گلوکار چاہت فتح علی خان سے تربیت یافتہ ہیں۔

مزید پڑھیں: کوک اسٹوڈیو کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیوں ہو رہا ہے؟

بعض سوشل میڈیا صارفین کا کہنا تھا کہ نصیبو لال ایک عظیم گلوکار ہیں لیکن ان کا بیٹا کچھ زیادہ ہی برا گلوکار نکلا، نصیبو لال کے مداحوں کا کہنا تھا کہ گلوکارہ کو چاہیے کہ شائقین موسیقی کو اس عجیب و غریب لمحہ سے محفوظ رکھیں کیونکہ ان کے صاحبزادے کو گائیکی کے ضمن میں سخت ریاضت کی ضرورت ہے۔

نصیبو لال کے صاحبزادے مراد حسین 2 سال قبل بھی برمنگھم میں پرفارم کرچکے ہیں جہاں انہیں خاصی پذیرائی ملی تھی۔ (فائل فوٹو)

سوشل میڈیا صارفین نے جہاں مراد حسین کے بلیچ زدہ سنہرے بالوں کو پسند نہیں کیا اور اس کے فنکی لباس کا بھی مذاق اڑایا، وہیں ایک بڑی تعداد نے ان کی گائیکی پر مضحکہ خیز تبصرے بھی کیے ہیں، بعض نے اسے ان کی پہلی اور آخری پرفارمنس قرار دیا جانا چاہیے کیونکہ وہ اسٹیج پر اپنی پہچان کے بجائے ’بری گائیکی‘ میں اپنا لوہا منوانے والے معروف پاکستانی نژاد برطانوی شہری چاہت فتح علی خان کی یاد دلاتے رہے۔

مزید پڑھیں: پاکستانی لوک گلوکارہ مائی دھائی کے امریکا میں دھوم

واضح رہے کہ اگست 2022 میں مراد حسین اپنی والدہ کے گائے ہوئے گانے ’تو جھوم‘ گاتے ہوئے سوشل میڈیا پر وائرل ہوئے تھے، اس گانے پر انہیں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بےحد سراہا گیا تھا اور امید کی جارہی تھی کہ شاید لاہور کے گڑوی محلے سے نصیبو لال کے بعد ایک اور گلوکار شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے کے لیے اپنے پر تول رہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp