دنیا کے مضبوط ترین پاسپورٹس کی فہرست میں پاکستان کہاں کھڑا ہے؟

جمعرات 25 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

دنیا کے مضبوط ترین پاسپورٹس کی فہرست جاری کر دی گئی ہے جس میں سنگاپور پہلے نمبر پر ہے، فرانس، جرمنی، اٹلی، جاپان اور اسپین عالمی رینکنگ میں دوسرے نمبر پر ہیں، امریکا 7 ویں سے 8 ویں نمبر پر چلا گیا۔

ہینلے پاسپورٹ انڈیکس 2024 کی رینکنگ میں سنگاپور بدستور پہلے نمبر پر موجود ہے، جہاں کا پاسپورٹ رکھنے والے دنیا کے 195 ممالک اور خود مختار خطوں کا سفر بغیر ویزا کے کرسکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : بیرون ملک سیاسی پناہ لینے والے پاکستانیوں کو پاسپورٹ جاری نہ کرنے کا فیصلہ منسوخ

فرانس، جرمنی، اٹلی، جاپان اور اسپین عالمی رینکنگ میں مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر ہیں، ان ممالک کے شہریوں کو 192 ملکوں اور مقامات پر بغیر ویزا جانے کی اجازت ہے۔

اسی طرح آسٹریلیا، فن لینڈ، آئرلینڈ، نیدرلینڈز، سوئیڈن، جنوبی کوریا اور لگسمبرگ تیسرے نمبر پر ہیں، جن کے شہری ملکی پاسپورٹ پر 191 ممالک اور مقامات پر ویزا فری انٹری کے ساتھ سفر کرسکتے ہیں۔

دنیا کے مضبوط پاسپورٹ رکھنے والے ممالک کی فہرست میں برطانیہ، بیلجیئم، ڈنمارک، نیوزی لینڈ، ناروے اور سوئٹزرلینڈ چوتھے نمبر پر ہیں جہاں کے شہری 190 ممالک میں بغیر ویزے کے جاسکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : پاسپورٹ اینڈ امیگریشن آفس کو سیاہی کا بحران درپیش، پاسپورٹس کے اجرا میں تاخیر کا خدشہ

پاکستان کا 100واں نمبر

مضبوط ترین پاسپورٹس کی فہرست میں پاکستان نیچے سے چوتھے نمبر پر ہے، پاکستان اور خانہ جنگی کا شکار یمن کا اس فہرست میں 100واں نمبر ہے۔

پاکستان کے بعد دنیا کے سب سے کمزور پاسپورٹس رکھنے والے 3 ممالک ہیں، جن میں عراق 101، شام 102 اور افغانستان سب سے آخر میں 103 نمبر پر ہے۔

پاکستان کے شہریوں کو 33 ممالک یا مقامات پر ویزا آن آرائیول کی سہولت دستیاب ہے جب کہ 13 ملک یا مقامات ایسے ہیں جہاں پاکستان کے شہریوں کو ویزا فری انٹری دی جاتی ہے۔

دنیا کے 152 ملک ایسے ہیں جہاں جانے کے لیے پاکستان کے شہریوں کو ویزا لینے کی ضرورت ہوتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : اب 126 ممالک کے شہریوں کو پاکستان کا ویزا ملے گا صرف 24 گھنٹے میں

خطے کے دیگر ممالک میں بھارت اس فہرست میں 82 ویں نمبر پر، بنگلہ دیش 97، ایران 94، چین 59 اور مالدیپ 52ویں نمبر پر ہے۔

امریکا کی رینکنگ میں تنزلی

امریکا دنیا کے مضبوط ترین پاسپورٹ رکھنے والے ملکوں کی فہرست میں ایک درجہ تنزلی کے بعد 7ویں سے واپس 8ویں نمبر پر چلا گیا ہے۔

اس سے قبل جنوری 2024 میں امریکا نے ساتویں پوزیشن حاصل کی تھی اور 6 ماہ بعد اس کی رینکنگ میں واپس ایک درجہ تنزلی ہوئی ہے، امریکی شہری 186 ممالک میں ویزہ فری سفر کرسکتے ہیں۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ آج سے 10 برس قبل امریکا اور برطانیہ مشترکہ طور پر عالمی رینکنگ میں پہلے نمبر پر تھے، جس کے بعد امریکا مسلسل تنزلی کے ساتھ رینکنگ میں 8ویں نمبر پر چلا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp