پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان کے کیسز: رؤف حسن کے جسمانی ریمانڈ میں 3 روز کی توسیع

جمعرات 25 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن سمیت دیگر ملزمان کو 2روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر پیش کر دیا گیا۔ ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے ملزمان کے مزید 8روز کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی، جس پر جوڈیشل مجسٹریٹ محمد شبیر بھٹی نے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں 3 روز کی توسیع کردی۔

ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے موقف اختیار کیا کہ 100واٹس ایپ گروپس میں یہ لوگ ایکٹو ہیں، رؤف حسن انٹرنیشنل اور ملکی میڈیا سیل کو ہیڈ کررہے ہیں، جبران الیاس کسی غیرملکی صدر کے ساتھ پہلے بھی کام کرچکا ہے۔

مزید پڑھیں: طاہر انجم پر تشدد کی ذمہ دار پی ٹی آئی کی انیلہ ریاض گرفتار

رؤف حسن سمیت 11 ملزمان پر پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج ہے۔ ان پر ریاستی اداروں کیخلاف منظم پراپیگنڈہ مہم چلانے کا بھی الزام ہے۔

پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی حاجی امتیاز بھی گرفتار

دوسری جانب پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی حاجی امتیاز کو بھی گرفتار کرلیا گیا، حاجی امتیاز کو منڈی بہاولدین سے گرفتار کیا گیا۔ حاجی امتیاز کل شام کو اسلام آباد سے اپنے حلقہ کی طرف روانہ ہوئے تھے، وہ این اے 68 منڈی بہاولدین سے رکن قومی اسمبلی ہیں۔

توشہ خانہ کیس

اسلام آباد ہائیکورٹ میں عمران خان کی نئے توشہ خانہ کیس میں گرفتاری کے خلاف درخواست پر سماعت شروع ہوئی تو ‏تحریک انصاف نے چیف جسٹس عامر فاروق پر عدم اعتماد کا اظہار کر دیا۔ وکیل انتظار پنجوٹھا نے چیف جسٹس عامر فاروق پر عدم اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے موقف اپنایا کہ سپریم جوڈیشل کونسل میں آپ کے خلاف ریفرنس دائر ہوگیا ہے، جس پر چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ ‏کوئی بات نہیں سلمان صاحب کو کہیں دلائل دیں۔

یہ بھی پڑھیں: ملک چھوڑنے پر مجبور ہیں، اعظم سواتی

انہوں نے ریمارکس دیے کہ کیس نا سننے کی یہ کوئی وجہ نہیں اس طرح شروع ہوگیا تو ہر دوسرے کیس میں یہی ہوگا۔ سپریم کورٹ کی ججمنٹ اور جسٹس بابر ستار کا آرڈر آئندہ پڑھ کر آئیں۔

جس کے بعد چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے کیس کی سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی۔

گرفتار پی ٹی آئی خواتین کی درخواست ضمانت کا معاملہ

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے پی ٹی آئی سیکرٹریٹ سے گرفتار خواتین کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرلی۔ عدالت نے 50ہزار روپے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی، کیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ شبیر بھٹی نے کی۔

اس کو پڑھیں: عمران خان نے قاضی فائز عیسیٰ کیخلاف درخواست دائر کردی، چیف جسٹس سے انصاف کی امید نہیں، مؤقف

ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے دلائل دیے کہ 2ریاستی اداروں کے خلاف کیمپیئن چلائی گئی یہ خواتین وہیں ملازمت کررہی ہیں، اگر خواتین کو ضمانت دی جائے گی تو کیس پر اثر پڑے گا۔ لگائے گئے سیکشنز اہم ہیں اور ثبوت بھی موجود ہیں۔

جس پر وکیل علی بخاری نے کہا کہ جو آپ کہہ رہے ہیں وہ رپورٹ میں دکھا دیں، اس سے متعلق کیا مواد موجود ہے۔ ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے کہا کہ ان ملازمین کو خاص مقصد کے لیے ملازمت پر رکھا گیا ہے۔ علی بخاری بولے کہ مجھے فائل سے فرحت اور اقرا کا رول دکھا دیں۔

یہ پڑھیں: ’مجھے فوج کے حوالے نہ کیا جائے‘، عمران خان کی لاہور ہائیکورٹ سے استدعا

عدالت نے وکلا کے دلائل کے بعد کارروائی مکمل ہونے پر دونوں خواتین کو ضمانت قبل از گرفتاری دے دی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp