جماعت اسلامی پاکستان نے اسلام آباد انتظامیہ کی طرف سے بجلی و گیس کے بلوں میں اضافے اور مہنگائی کے خلاف ’حق دو عوام کو‘ تحریک کے تحت جمعہ، 26 جولائی کو اسلام آباد میں دھرنے کی اجازت نہ ملنے پر کارکنوں کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:’حق دو عوام کو‘ تحریک 26 جولائی کو اسلام آباد سے شروع ہوگی، امیر جماعت اسلامی کا اعلان
جمعرات کو جماعت اسلامی کی جانب سے جاری ہدایات میں کارکنوں سے کہا گیا ہے کہ اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے اجازت نہ ملنے کے باوجود اسلام آباد ڈی چوک میں دھرنا ہوگا، ہرراستہ ہر قافلہ ڈی چوک پہنچے گا۔
مزید پڑھیں:دھرنا روکا گیا تو جدوجہد حکومت گراؤ تحریک میں بدل جائے گی، حافظ نعیم الرحمان
پروگرام کے تحت کارکنوں کے نام جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کارکن اور شرکا نمازِ جمعہ اور طعام وغیرہ کے بعد 5 بجے تک دھرنا مقام پر پہنچ جائیں، دھرنے کی جگہ ہی قیام گاہ ہو گی اور اس کے لیے بیگ یا شاپر میں چادر، کپڑے، پانی کی بوتل، تکیہ اور چھتری ہمراہ رکھیں۔
حکومت اور اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے دھرنے میں رکاوٹوں کی صورت میں کارکنوں سے کہا گیا ہے کہ اگر حکومت اور اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے دھرنے کے مقام تک پہنچنے کے لیے رکاوٹیں کھڑی کی جاتی ہیں تو کارکن ڈی چوک پہنچنے کے لیے متبادل راستہ استعمال کریں۔
یہ بھی پڑھیں: جماعت اسلامی نے اسلام آباد میں دھرنے کی تاریخ تبدیل کردی، یہ فیصلہ کیوں ہوا؟
رکاوٹوں کی صورت میں واپس جانے کی بجائے شہروں کے مرکزی چوک پر دھرنا دیں اور نیٹ بند ہونے کی صورت میں لینڈ لائن سے منصورہ ایکسچینج سے ہدایت لیں۔
اس سے قبل آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے جماعت اسلامی کو بغیر اجازت دھرنا دینے کے خلاف کارروائی کا الٹی میٹم بھی دے دیا ہے۔ جماعت اسلامی نے بجلی و گیس کے بلوں میں اضافے کے خلاف جمعہ کے روز ڈی چوک میں دھرنا دینا ہے لیکن تاحال اسلام آباد انتظامیہ سے دھرنے کی اجازت نہیں مل سکی۔