خلیل الرحمان قمر اور ہنی ٹریپ: ایسی صورتحال میں کیا کرنا چاہیے، مشی خان کے مشورے

جمعرات 25 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ملک کے معروف ڈرامہ نگار، ہدایتکار اور شاعر خلیل الرحمان قمر کے اغوا اور اس کے نتیجے میں ہونے والے معاملے نے انٹرنیٹ پر دھوم مچائی ہوئی ہے۔

مداح اس پورے واقعے کے بارے میں بات کر رہے ہیں جبکہ سوشل میڈیا پر کچھ لوگ ایک اجنبی سے ملاقات کرنے پر خلیل رحمان قمر کو ٹرول بھی کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: خلیل الرحمان قمر کا اغوا، ڈراما بنانے گئے تھے اور فلم بن گئی

اس صورتحال میں بہت سے اداکار مصنف کی ذہنی صحت کے بارے میں بھی فکر مند ہیں۔ حال ہی میں ملک کی معروف اور سینیئر اداکارہ مشی خان نے اس معاملے پر اپنی رائے دی ہے۔ یہی نہیں بلکہ انہوں نے خلیل الرحمان قمر کو اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے کچھ مشورے بھی دیے ہیں۔

مشی خان نے اپنے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے مصنف خلیل الرحمان قمر کو تنازعے سے نمٹنے کے حوالے سے ایک مشورہ دیا۔

انہوں نے کہا کہ خلیل الرحمان قمر کے معاملے کے بعد سوشل میڈیا پر صورتحال بہت خوفناک ہے اور ان کے ساتھ جو کچھ ہوا وہ توقع کے مطابق ہی تھا۔

مزید پڑھیں: لڑکی سے ملنے رات کو کیوں گئے، خلیل الرحمان قمر نے دلچسپ وجہ بتادی

مشی خان نے کہا کہ خلیل الرحمان قمر نے کسی اجنبی سے ملنے کے نقصانات کے بارے میں کیوں نہیں سوچا اور انہیں اندازہ کیوں نہیں ہوا کہ ان کی شہرت سے کوئی ناجائز فائدہ بھی اٹھا سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ پتا نہیں ان کے دماغ میں اس وقت وہ خیال کیوں نہیں آیا۔

مزید پڑھیے: خاتون نے کبھی نہیں بتایا کہ وہ اکیلی رہتی ہیں، خلیل الرحمان قمر کا اغوا کے بعد پہلا انٹرویو

مشی خان نے کہا کہ کسی نامعلوم شخص سے ملنے سے پہلے اپنی ساکھ اور قد کاٹھ کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسے حالات سے گریز کرنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیر جو ہوا سو ہوا اب اسے تبدیل نہیں کیا جاسکتا لیکن صورتحال کو سنبھالا ضرور جاسکتا ہے۔

انہوں خلیل الرحمان قمر سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اب آپ کو پوڈ کاسٹس پر نہیں جانا چاہیے اور پیچیدہ صورتحال کو مزید پیچیدہ نہیں بنانا چاہیے۔

مشی خان نے کہا کہ خلیل الرحمان قمر کو تھوڑا آرام کرنا چاہیے اور کچھ وقت کے لیے پوڈ کاسٹ کرنے والوں سے ان کے پروگرام میں جانے سے معذرت کرلینی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے آپ کو اس صورتحال پر قابو پانا چاہیے، بس آرام کریں اور تھوڑا بریک لیں کیوں کہ یہ کسی انٹرویو دینے کے لیے صحیح وقت نہیں ہے۔

مشی خان نے کہا کہ میں سب سے بھی یہ کہنا چاہوں گی کہ اجنبیوں سے مت ملیں اور خود کو خطرے میں نہ ڈالیں۔

مزید پڑھیں: خواتین عقیدت اور محبت سے ملتی ہیں، خلیل الرحمان قمر کا دعویٰ

یاد رہے کہ کچھ روز قبل خلیل الرحمن کو بہانے سے کہیں بلاکر مبینہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا اور ان سے نقدی رقم اور سامان بھی لوٹ لیا گیا تھا۔ خلیل الرحمٰن قمر کو اغوا کیے جانے کے بعد پولیس نے مقدمہ دائر کرتے ہوئے ان کے اغوا میں ملوث مرکزی ملزمہ آمنہ عروج سمیت دیگر افراد کو گرفتار کرلیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp