پی ٹی آئی کی طرف سے جماعت اسلامی کے رہنماؤں، کارکنوں کی گرفتاریوں، گھروں پر چھاپوں کی مذمت

جمعہ 26 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) نے پنجاب میں جماعت اسلامی کے رہنماؤں اور کارکنان کی گرفتاریوں اور گھروں پر چھاپوں کی مذمت کی ہے جبکہ جماعت اسلامی نے گرفتاریوں اور چھاپوں کے باوجود دھرنا دینے کا اعادہ کیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس ڈاٹ کام‘ پرآفیشل اکاؤنٹ پراپنی ایک پوسٹ میں کہا کہ پی ٹی آئی پنجاب میں جماعت اسلامی کے رہنماؤں اور کارکنان کی گرفتاریوں اور گھروں پر چھاپوں کی شدید مذمت کرتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:حکومت نے دھرنا روکا تو کیا کرنا ہوگا؟ جماعت اسلامی نے کارکنان کو ہدایات جاری کردیں

پوسٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پرامن مظاہرہ ہر سیاسی پارٹی اور ہر شہری کا حق ہے، پاکستان اور پنجاب پر مسلط کردہ فارم 47 کی پیداوارکٹھ پتلی حکومت ہر جمہوری آواز کو کچلنے کی ناکام کوشش میں لگی ہوئی ہے۔

ادھر جماعت اسلامی پاکستان کے سیکریٹری جنرل امیرالعظیم نے جماعت اسلامی کے ذمہ داران اور کارکنان کی ملک بھر میں گرفتاریوں، دفاتر جماعت اور گھروں پر چھاپوں پر پرزور مذمت کرتے ہوئے اس عہد کا اعادہ کیا ہے کہ جماعت اسلامی ہر صورت اسلام آباد پہنچے گی، دھرنا دیں گے اور عوام کو ریلیف دلائیں گے۔

منصورہ سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی کی قوم سے اپیل ہے کہ اپنے حق کے لیے گھروں سے باہر نکلیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے، سیکڑوں لوگ گرفتار ہو چکے ہیں، قافلوں کو روکا اور مظاہرین کو گرفتار کیا جا رہا ہے، حکمران ہمارے راستے میں دیواریں کھڑی نہیں کر سکتے، فاشسٹ ہتھکنڈوں کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔

مزید پڑھیں:دھرنا روکا گیا تو جدوجہد حکومت گراؤ تحریک میں بدل جائے گی، حافظ نعیم الرحمان

سیکریٹری جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ کارکنان احتیاط برتتے ہوئے پوری طاقت سے آگے بڑھیں، اسلام آباد میں اکٹھے ہوں گے اور حکومت کو مجبور کریں گے کہ وہ بجلی کے ٹیرف کو کم کرے، آئی پی پیز معاہدوں کا فرنزاک کرے، ان ظالمانہ معاہدوں کو ختم کیا جائے، ٹیکسوں میں کمی کرے اور مہنگائی واپس لے۔

ادھر اطلاعات ہیں کہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں پولیس نے جماعت اسلامی ذمہ داران اور کارکنان کے گھروں پر چھاپے مار کر سینکڑوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ منصورہ میں شعبہ نشرواشاعت کی جانب سے تاحال اکٹھی کی جانے والی تفصیلات کے مطابق بہاولپور، وہاڑی، نارووال، ساہیوال، مریدکے، لاہور، گجرات، کھاریاں، سرگودھا، حسن ابدال،میانوالی، منڈی بہاؤالدین اور دیگر شہروں سے لوگوں کو گرفتارکیا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp