وفاقی حکومت کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش پر پاکستان تحریک انصاف نے ردعمل دیتے ہوئے کہاکہ ہے کہ ایک طرف بات چیت کی پیشکش اور دوسری طرف گرفتاریاں کی جارہی ہیں۔
پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے حکومتی پیشکش پر ردعمل دیتے ہوئے کہاکہ حکومت کا مذاکرات کی دعوت دینے کا طریقہ درست نہیں، ان کا طرز عمل ہی غیر سیاسی ہے۔
یہ بھی پڑھیں حکومت کی تحریک انصاف کو مذاکرات کی پیشکش: آئیں ہمارے ساتھ مل کر عوام کی خوشحالی کے لیے کام کریں، مصدق ملک
انہوں نے کہاکہ مذاکرات کی دعوت دینے کا یہ کیا طریقہ ہوا کہ آؤ بیٹھیں، مذاکرات کرتے ہیں۔
’ہمیں پرامن احتجاج کرنے کی بھی اجازت نہیں‘
انہوں کہاکہ ہمیں تو پُرامن احتجاج کرنے کی بھی اجازت نہیں، ایسے میں مذاکرات کی پیشکش کیسے تسلیم کی جاسکتی ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہاکہ حکومت ایک طرف مذاکرات کی دعوت دے رہی ہے تو دوسری جانب چادر اور چاردیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے ہمارے لوگوں کو گرفتار کیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ آج وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک نے پی ٹی آئی کو مذاکرات کی پیشکش کرتے ہوئے کہا تھا کہ آئیں، بیٹھیں ملکی خوشحالی کے لیے مل کر کام کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں عمران خان کا پیغام ہے، قوم نئے انتخابات کی تیاری کرے، عمرایوب
انہوں نے کہاکہ ملک ایسے ہی چلتا رہا تو برباد ہوجائے گا، انتشار اور تقسیم کی سیاست کو دفن کرنا ہوگا۔
مصدق ملک نے کہاکہ انتشار کی سیاست کرنے والے ملک کے خیر خواہ نہیں ہیں۔ ملک دشمن عناصر ملکی ترقی کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کررہے ہیں۔ عوام کو سب معلوم ہے کس نے کیا کیا؟