آمنہ شیخ نے اداکاری چھوڑنے اور پھر واپس شوبز میں آنے کی وجہ بتا دی

ہفتہ 27 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آمنہ شیخ پاکستان کی ایک بہترین اداکارہ ہونے کے ساتھ ساتھ ایک ماڈل اور آرٹسٹ بھی ہیں جنہوں نے شوبز انڈسٹری کے لیے بے شمار اچھے پروجیکٹس بھی کیے ہیں۔ وہ فنون اورثقافت کے فروغ کے لیے بھی کام کرتی ہیں۔

 آمنہ شیخ اس وقت 2 بچوں کی ماں ہیں، ان کی ایک بیٹی میساح ہے جو ان کے سابق شوہر محب مرزا کی اولاد ہے اور اب ان کی دوسری شادی سے ایک بیٹا ہے۔

آمنہ شیخ موجودہ مصروف ترین اور جدید دور میں بھی ایک اچھی ماں کے طور پر سامنے آئی ہی، وہ اپنے بچوں کو صحت مند سرگرمیوں میں مشغول کرنا بہت پسند کرتی ہیں۔

آمنہ شیخ نے خود کو ایک اچھی ماں ثابت کرنے اور بچوں کی دیکھ بھال کے لیے اپنے کیریئر تک کو داؤ پر لگا دیا اور بچوں کے بڑے ہونے تک شوبز انڈسٹری کو خیر آباد کہہ دیا۔

آمنہ شیخ نے ایک پوڈ کاسٹ انٹرویو میں بتایا کہ انہوں نے ایک عرصہ تک شوبز انڈسٹری سے محض اس لیے کنارہ کشی اختیار کی، کیوں کہ وہ اپنے بچوں کی تعلیم اور تربیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرنا چاہتی تھیں۔

آمنہ شیخ نے ایک عرصے تک کے خلا کے بعد اب پھر شوبز انڈسٹری میں واپس آنے کا اعلان کیا ہے اور بتایا ہے کہ اب ان کے بچے بڑے ہو گئے ہیں اور وہ شوبز انڈسٹری میں واپس آ گئی ہیں اور وہ جلد ہی نیٹ فلکس کی ڈراما سیریل ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ میں نظر آئیں گی۔

آمنہ شیخ نے بتایا کہ کس طرح وہ اپنی بیٹی کی پیدائش کے فوراً بعد بھی اپنا کیریئر چلا رہی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ایک ڈرامے کی شوٹنگ کر رہی تھیں اور وہ اپنے بچی کو اپنے ساتھ لے جاتی تھیں جہاں وہ اسے دودھ بھی پلاتی تھیں اور ساتھ ہی کام بھی کرتی تھیں۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ایک موقع پر انہوں نے محسوس کیا کہ انہیں اپنے کام اور اپنے بچوں میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنے کی ضرورت ہے اور انہوں نے اپنے بچوں کا انتخاب کیا۔

آمنہ شیخ نے ایک ایسے وقت ماں کا اصل کردار نبھایا جب ان کے بچوں کو ان کی اصل ضرورت تھی۔ وہ اب انڈسٹری میں واپس آ چکی ہیں اور ان کے مداح بھی ان کا ساتھ دینے کے لیے تیار ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp