کیا بل گیٹس کے داماد نے مصر کے خرچے پر پیرس اولمپکس میں حصہ لیا؟

پیر 29 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مصر میں سوشل میڈیا صارفین نے ایک سرکاری خط کی تصویر شائع کی ہے جس میں یہ انکشاف کیا گیا ہے کہ پیرس اولمپکس کے لیے گھڑ سوار ٹیم کے وفد میں صرف ایک کھلاڑی کے لیے 10 افراد نے عملے کے طور پر سفر کیا اور ان کے سفر کے تمام اخراجات مصر نے سرکاری طور پر ادا کیے تھے۔ اس واقعے نے سوشل میڈیا پر غم و غصے کی نئی لہر دوڑا دی ہے۔

صارفین کو یہ حیرت بھی تھی کہ گھڑ سوار کھلاڑی امریکی ارب پتی بل گیٹس کی بیٹی کے شوہر نائل نصار تھے اور ان کے ساتھ ان کی اہلیہ بھی تھیں۔ مبصرین نے اسے عوامی پیسے کا ضیاع قرار دیا ہے۔ وفد میں اسماعیل شاکر سربراہ کی حیثیت سے سفر کر رہے ہیں۔ کریم السبکی گھوڑ سوار منیجر کے طور پر جبکہ وائل المحجری کو گھوڑے کی مینیجمنٹ کے لیے ساتھ رکھا گیا ہے۔ سوار کے لیے ذاتی ٹرینر کے طور پر 3 افراد کو بھی وفد میں شامل کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:پیرس اولمپکس: ’شکر کریں پاکستانی تیراک نے آخری پوزیشن حاصل کی، ڈوب نہیں گئے‘

مصری میڈیا کے مطابق مصر کی گھڑ سواری فیڈریشن نے اس تنازع پر وضاحت کی ہے کہ اس نے ایسے کسی وفد کو سرکاری طور پر اخراجات فراہم نہیں کیے ہیں۔

امریکی ارب پتی بل گیٹس کے داماد نائل نصار مصری وفد میں شامل ہیں جو اس وقت پیرس میں منعقد ہونے والے اولمپک گیمز میں گھڑ سواری کے کھیلوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ مصری گھڑ سواری فیڈریشن نے اعلان کیا کہ نصار کو گھڑ سواری کے اولمپکس مقابلوں میں ملکی نمائندگی کے لیے منتخب کیا گیا ہے اور وہ مصر میں گھڑ سواری کی اعلیٰ ترین عالمی درجہ بندی میں ہیں۔

مصر کی گھڑ سواری فیڈریشن نے اپنے کہا ہے کہ نائل نصار امریکا میں رہتے ہیں اور تربیت کا پورا عملہ، یعنی جانوروں کے ڈاکٹر، دیکھ بھال کرنے والے، گھوڑے اور امدادی عملہ اپنے ذاتی خرچ پر امریکا سے براہ راست پیرس کا سفر کریں گے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے ان لوگوں کو وفد میں شامل کرنے کا مقصد میچ اسٹیڈیم اور اصطبل میں داخلے کے اجازت نامے جاری کرانے اور گھڑ سوار کی مدد کے لیے سہولت فراہم کرنا ہے۔ مصر کی طرف سے وفد کے اخراجات ادا نہیں کیے گئے۔

فیڈریشن نے تصدیق کی کہ گھڑ سوار نے فیڈریشن کو مطلع کیا کہ وہ اپنے گھوڑے کو امریکا سے فرانس ذاتی خرچ پر ہوائی جہاز کے ذریعے لے جائے گا۔ اس کے اور اس کی ٹیم کے لیے کسی قسم کی مالی مدد نہیں کی گئی۔

مزید پڑھیں:پیرس اولمپکس: سب سے لمبا، چھوٹا، کم عمر اور عمر رسیدہ کھلاڑی کون ہے؟

فیڈریشن کے بیان کے مطابق مصری گھڑ سوار وفد جس میں منتظمین، سوار، ٹرینرز، گھوڑوں کے مالکان، جانوروں کے ڈاکٹر شامل ہیں۔ گھوڑوں کی نقل و حمل پر پیرس میں ہونے والے اولمپک گیمز میں شرکت کے دوران ریاست کو کوئی رقم خرچ نہیں کرنا پڑے گی۔

یاد رہے کہ نائل نصار کی پیدائش 21 جنوری 1991 کو ہوئی تھی۔ وہ پیرس اولمپکس میں گھڑ سواری کے کھیلوں میں واحد مصری نمائندہ ہیں۔ ان کی شادی مشہور امریکی بزنس مین بل گیٹس کی بیٹی جینیفر گیٹس سے ہوئی تھی۔ نصار کی جینیفر سے ایک بیٹی بھی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp