جسٹس طارق مسعود اور جسٹس مظہر عالم نے بطور ایڈہاک جج حلف اٹھا لیا

پیر 29 جولائی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس مظہر عالم میاں خیل نے سپریم کورٹ کے ایڈہاک جج کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا ہے۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ایڈہاک ججز سے حلف لیے، حلف برداری کی تقریب میں سپریم کورٹ کے ججز، اٹارنی جنرل اور عدالتی عملے کے علاوہ ایڈہاک ججز کے اہل خانہ نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں: جسٹس ریٹائرڈ طارق مسعود اور مظہر عالم میاں خیل کی بطور ایڈہاک جج تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری

جسٹس ریٹائرڈ سردار طارق اور جسٹس ریٹائرڈ مظہر عالم میاں خیل کی تقرری ایک سال کے لیے کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے منظوری کے بعد ہفتے کے روز جسٹس ریٹائرڈ سردار طارق مسعود اور جسٹس ریٹائرڈ مظہر عالم میاں خیل کی ایک سال کی مدت کے لیے سپریم کورٹ آف پاکستان میں بطور ایڈہاک ججز تعیناتی کا نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان بار کونسل کا ایڈہاک ججز کی تعیناتی پر جوڈیشل کمیشن کا شکریہ

جوڈیشل کمیشن نے جسٹس ریٹائرڈ سردار طارق مسعود اور جسٹس ریٹائرڈ مظہر عالم میاں خیل کو ایک سال کی مدت کے لیے ایڈہاک جج تعینات کرنے کی سفارش کی تھی، جس کے بعد صدر مملکت نے دونوں ایڈہاک ججز کی سپریم کورٹ میں تعیناتی کی منظوری دے دی تھی۔

قبل ازیں، جسٹس ریٹائرڈ مظہر عالم میاں خیل نے سپریم کورٹ میں ایڈہاک جج کے طور پر کام کرنے سے انکار کر دیا تھا جس پر جوڈیشل کمیشن نے اجلاس میں مظہر عالم میاں خیل سے دوبارہ رائے لینے کا فیصلہ کیا تھا، جس کے بعد جسٹس مظہر عالم میاں خیل نے رضامندی ظاہر کردی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp