سابق وزیراعظم پاکستان و بانی پی ٹی آئی عمران خان نے مہنگی بجلی اور مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کے دھرنے کی حمایت کا اعلان کردیا۔
اڈیالہ جیل میں نئے توشہ خانہ کیس کی سماعت کے موقع پر عمران خان نے کہاکہ مہنگی بجلی اور مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی نے دھرنا دیا جو زبردست اور اچھا فیصلہ ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہاکہ نیوٹرل کا مطلب غیر سیاسی ہوتا ہے، میں نے ضرور کہا ہے کہ آرمی چیف غیر سیاسی ہو جائیں۔
یہ بھی پڑھیں جماعت اسلامی کا دھرنا جاری، حکومت کو پیش کیے گئے 10 مطالبات سامنے آگئے
انہوں نے کہاکہ میرے پاس اخبارات کے علاوہ معلومات حاصل کرنے کے لیے اور کوئی سورس نہیں۔ سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید کو دہشتگردی سے نہ جوڑا جائے، پہلے ہی پاکستان کو بہت نقصان پہنچ چکا ہے۔
واضح رہے کہ نئے توشہ خانہ کیس میں راولپنڈی کی خصوصی احتساب عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اوربشریٰ بی بی کے مزید 10 روزہ جسمانی ریمانڈ کی منظوری دے دی ہے۔
دوران سماعت پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر عباسی اور عمران خان کے مابین گرما گرمی اور تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔
یہ بھی پڑھیں جماعتِ اسلامی دھرنا: عوام کا مقدمہ لڑ رہے، مطالبات کی منظوری تک کہیں نہیں جارہے، حافظ نعیم الرحمان
بشریٰ بی بی بھی عمران خان کے ہمراہ روسٹرم پر آگئیں اور جج سے کہاکہ آپ جو فیصلہ کرنا چاہتے ہیں کریں میں نے اپنا فیصلہ اللہ پر چھوڑا ہے، آپ جس منصب پر بیٹھے ہیں کیا آپ کو نظر نہیں آرہا نیب کیا کررہی ہے۔