مانسہرہ۔ناران این 15 میں مہانڈری کے مقام پر سیلابی ریلے سے متاثر ہونے والے پل کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔ سیلابی ریلے کے باعث مہانڈری بازار میں پیدل سفر کرنے والوں کے لیے راستہ بحال کردیا گیا ہے۔
ترجمان نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) ڈاکٹر سہیل آفتاب کے مطابق کم وقت میں بڑے پائیپوں کی تنصیب سے پانی کے اوپر پیدل راستہ بنا دیا گیا ہے۔ گاڑیوں کے آمد و رفت بذریعہ کومپیکٹ 200 پل کے لیے بھی اقدامات تیز کردیے گئے ہیں۔
مزید پڑھیں:مہندری پُل منہدم ہونے سے شمالی علاقہ جات تک رسائی کا اہم راستہ بند
ترجمان کے مطابق چیئرمین این ایچ اے شہریار سلطان نے گزشتہ دنوں سائیٹ کے معائنے کے دوران پل کی بحالی کے لیے ہنگامی اقدامات کی ہدایت کی تھی۔
واضح رہے کہ مہانڈری پل جو ایک اہم کنکشن پوائنٹ ہے، جو بالاکوٹ سے کاغان اور ناران جانے والے راستے پر واقع ہے۔ پل کے انہدام کے بعد حکام نے سیاحوں کو اگلے 5 دن تک اس علاقے میں سفر کرنے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا تھا کہ پل کی تعمیر نَو میں 5 سے 6 دن لگنے کا اندازہ ہے، اس دوران متاثرہ علاقوں میں سفر کرنا مشکل رہے گا۔
حکام نے مہانڈری پل کے گرنے کے علاوہ مری کی طرف سفر کرنے کا ارادہ رکھنے والوں کو مطلع کیا ہے کہ موسلادھار بارش کے باعث موٹر وے پر متعدد لینڈ سلائیڈنگ ہوئی ہے جس سے سفر غیر محفوظ ہو گیا ہے۔ حکام نے تمام مسافروں پر زور دیا ہے کہ وہ احتیاط برتیں اور سڑک کے حالات کے بارے میں تازہ ترین اپ ڈیٹس سے باخبر رہیں۔