پنجاب حکومت نے 5 مرلے تک کے پلاٹ پر گھر بنانے والے 70 ہزار افراد کو بلاسود قرضہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرصدارت ایک اجلاس ہوا، جس میں اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے منصوبے کا جائزہ لیا گیا، اور اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں اپنا گھر اسکیم کے لیے 25 لاکھ لوگوں کی رجسٹریشن ہوگئی، مریم نواز
اجلاس میں حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام سے مستفید ہونے کے لیے فارم جمع کرانا ہوگا، جو ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کے دفاتر میں دستیاب ہوگا۔
حکومت کی جانب سے کیے گئے فیصلے کے مطابق اپنی چھت، اپنا گھر پائلٹ پروگرام کے ماڈل گھر تیار کرلیے گئے ہیں اور 14 اگست یوم آزادی کے موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز لانچنگ کریں گی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے قرض حاصل کرنے والوں سے سروس چارجز لینے سے روکتے ہوئے ٹال فری نمبر متعارف کرانے کے احکامات جاری کیے ہیں۔
مریم نواز نے ماڈل گھروں کے نقشے میں لیولنگ روم بھی شامل کرنے کی ہدایت کی، اور کہاکہ حکومت کی جانب سے گھر کی لاگت کا بوجھ کم کرنے کے لیے سبسڈی دی جائے گی۔
حکومت پنجاب مائیکروفنانس اداروں کے ذریعے قرض کی ادائیگی پر سروس چارجز ادا کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں پنجاب حکومت کا سوشیو اکنامک رجسٹری پروگرام کیا ہے؟
صوبائی حکومت کی جانب سے اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے لیے 9 ارب 88 کروڑ 96 لاکھ روپے کی منظوری دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ عمران خان نے بھی اپنے دور حکومت میں اپنے گھر کی تعمیر کے لیے ایک اسکیم متعارف کرائی تھی، جس کے تحت کوئی بھی شخص حکومتی پالیسی کے مطابق بینک سے گھر بنانے کے لیے قرض حاصل کرسکتا تھا۔