انٹارکٹیکا کی تیزی سے پگھلتی برف کا سمندروں پر کتنا خوفناک اثر  پڑ سکتا ہے؟

ہفتہ 1 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

الجزیرہ میں شائع ایک خبر کے مطابق سائنس دانوں نے خبردار کیا ہے کہ انٹارکٹیکا سے گہرے سمندری پانی کے بہاؤ میں 2050 تک 40 فیصد کمی واقع ہو سکتی ہے، جس سے نظام فلکی کی گردش کے خاتمے کا خطرہ ہے۔

نئی تحقیق کے مطابق تیزی سے پگھلنے والی انٹارکٹیکا برف دنیا کے سمندروں کے ذریعے پانی کے بہاؤ کو ڈرامائی طور پر سست کر رہی ہے اور اس کا عالمی آب و ہوا، سمندری خوراک یہاں تک کہ برفانی تودوں کے استحکام پر بھی تباہ کن اثر پڑ سکتا ہے۔

سمندری پانیوں کو اوپر  نیچے کرنے والی گردش سمندر کی تہہ کی جانب پانی کی نقل و حرکت سے پیدا ہوتی ہے، یہ گردش دنیا بھر میں گرمی، کاربن، آکسیجن اور اہم غذائی اجزاء فراہم کرنے میں بھی معاون ہوتی ہے۔

نیچر نامی جریدے میں شائع ہونے والی ایک تحقیق میں ان اثرات سے خبردار کیا گیا ہے جو آنے والی صدیوں تک رہیں گے۔

اوریگون اسٹیٹ یونیورسٹی کے ماہر حیاتیات اور موسمیاتی تبدیلی کے تازہ ترین بین الحکومتی پینل (آئی پی سی سی) کے جائزوں کے شریک مصنف ایلن مکس نے کہا، ’یہ سب اتنی جلدی ہوتا دیکھ کر حیرت ہوتی ہے‘۔

یونیورسٹی آف نیو ساؤتھ ویلز (UNSW) کے موسمیاتی پروفیسر میتھیو انگلینڈ نے کہا کہ ’اگر ماڈل درست ہے تو، گہرے سمندر کا بہاؤ ایک ایسی رفتار پر ہو گا جو تباہی کی طرف گامزن ہو گا‘۔

جیسے جیسے درجہ حرارت بڑھتا ہے، انٹارکٹیکا کی پگھلتی ہوئی برف سے میٹھا پانی سمندر میں داخل ہوتا ہے، جس سے سطح کے پانی کی نمکیات اور کثافت کم ہوتی ہے اور سمندر کی تہہ میں نیچے کی طرف بہاؤ بھی کم ہوتا ہے۔

UNSW کے ایمریٹس پروفیسر جان چرچ، جو اس تحقیق میں شامل نہیں تھے، نے کہا کہ گہرے سمندر کی گردش میں کمی کے اثرات کے بارے میں بہت سی غیر یقینی صورتحال موجود ہے‘۔

چرچ نے کہا کہ ’لیکن یہ تقریباً یقینی لگتا ہے کہ گرین ہاؤس گیسوں کا اخراج جاری رہنے سے سمندر اور آب و ہوا کے نظام پر مزید گہرے اثرات مرتب ہوں گے‘۔

ان کا کہنا ہے کہ ’دنیا کو فوری طور پر اپنے اخراج کو تیزی سے کم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ہم اس وقت جس راستے پر چل رہے ہیں اس سے نکل سکیں‘۔

مطالعہ کے نتائج یہ بھی بتاتے ہیں کہ سمندر اتنی زیادہ کاربن ڈائی آکسائیڈ کو جذب نہیں کر سکے گا کیونکہ اس کی اوپری تہیں زیادہ سطحی ہو جاتی ہیں، جس سے فضا میں زیادہ CO2 رہ جاتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp