غیر مشروط معافی بھی بانی پی ٹی آئی کے کام نہیں آ سکتی، خواجہ آصف

جمعرات 8 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما اور وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ’بانی پی ٹی آئی 9 مئی بغاوت کے سرغنہ ہیں، وہ معافی مانگ بھی لیں تو بھی رہا نہیں کیے جائیں گے، یہ وقت بتائے گا کہ 9 مئی کا بیانیہ پٹ گیا ہے یا نہیں‘۔ عمران خان کے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ تعلقات میں بہتری کا کوئی امکان نہیں ہے۔

جمعرات کو ایک ٹی وی انٹرویو میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان ہی 9 مئی کی بغاوت کے سرغنہ ہیں، اس حوالے سے ثبوت موجود ہیں کہ یہ سارا پلان انہی کا بنایا ہوا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:9 مئی کو افواج پاکستان کے اتحاد کے خلاف بغاوت کرائی گئی، بھولنے کا کوئی چانس نہیں، خواجہ آصف

ایک سوال کے جواب میں خواجہ آصف نے کہا کہ اگر بانی پی ٹی آئی عمران خان کے دور میں ملک میں فوجی عدالتوں میں مقدمات چلائے گئے، لوگوں کو سزائیں بھی سنائی گئیں، جیلوں میں بھی ڈالا گیا، تو اب ہمیں بتایا جائے کہ آج ایسا کیوں نہیں ہو سکتا، آج فوجی عدالتوں میں مقدمات کیوں نہیں چل سکتے۔

بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں خواجہ آصف نے کہا کہ اس حوالے سے بہت ساری چیزیں واضح ہیں، یہ تاثر بالکل غلط ہے کہ عمران خان کے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ تعلقات اچھے ہو گئے ہیں، اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ جو کچھ عمران خان نے کیا اس پر معافی نہیں دی جا سکتی۔

مزید پڑھیں:عمران خان کو وردی والوں سے بات کی گندی عادت لگی ہوئی ہے، وزیر دفاع خواجہ آصف

انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان معافی مانگ بھی لیں تو انہیں جیل سے رہائی نہیں ملنے والی، 9 مئی کا کچھ بھی ڈھکا چھپا نہیں ہے، سب کے سامنے ہے، اس روز کیا ہوا، ملک پر حملہ کیا گیا، جلاؤ گھیراؤ کیا گیا، ثبوت واضح ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج عمران خان کہہ رہے ہیں کہ 9 مئی کے فوٹیج سامنے کیے جائیں، ان کے لوگ ملوث پائے گئے تو پارٹی سے نکال دیں گے، وہ خود کہہ چکے ہیں کہ انہوں نے جی ایچ کیو کے سامنے احتجاج کی کال دی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی مشروط معافی کی پیش کش پر بھی اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ان کے تعلقات میں بہتری کا کوئی امکان نہیں، میں دعویٰ نہیں کرنا چاہتا، ہو سکتا ہے مستقبل میں صورت حال مختلف ہو جائے تاہم ایک بات واضح ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو سمجھنا چاہیے کہ 9 مئی کا واقعہ ریاست کے خلاف بغاوت تھی۔

یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی فوجی قیادت پر حملہ آور، ملک میں دوبارہ انتخابات نہیں ہوں گے، خواجہ آصف

ایک اور سوال کے جواب میں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ یہ وقت بتائے گا کہ 9 مئی کے حوالے سے حکومت کا بیانیہ اب پٹ چکا ہے یا نہیں، 9 مئی کے حوالے سے جو بھی کچھ کہا جا رہا ہے وہ آن ریکارڈ ہے اور اس کے پیچھے چھپے مجرم ثبوتوں کے ساتھ واضح ہیں۔

وزیر دفاع نے کہا کہ سابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ بہت بڑے فنکار تھے، تاریخ فیصلے کرے گی کہ بانی پی ٹی آئی اور قمر جاوید باجوہ میں کون کسے بے وقوف بنا رہا تھا۔ 2013 سے 2018 میں اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کو سپورٹ ملتی رہی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp