فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے اولمپک گولڈ میڈل جیتنے والے پاکستانی ہیرو ارشد ندیم پر ٹیکس عائد کرنے کی افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے ان کی انعامی رقم کو ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دے دیا ہے۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے اولمپک گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم کی انعامی رقم پر ٹیکس عائد کرنے کی افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ان کی جیتنے والی رقم ود ہولڈنگ ٹیکس سے مستثنیٰ ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: فخر پاکستان ارشد ندیم وطن واپس کب پہنچیں گے؟
ہفتہ کے روز ایک بیان میں ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس میں ملک کے لیے گولڈ میڈل جیت کر قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے اور اس کے نتیجے میں ان کی انعامی رقم ٹیکس کے دائرے میں نہیں آئے گی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ارشد ندیم ہمارے قومی ہیرو ہیں جنہوں نے نہ صرف پوری دنیا میں پاکستان کا امیج بلند کیا ہے بلکہ 40 سال بعد اولمپکس میں گولڈ میڈل جیت کر پوری پاکستانی قوم کا سر فخر بلند کیا ہے، آج پوری قوم جشن منا رہی ہے۔
مزید پڑھیں:پیرس اولمپکس کے ہیرو ارشد ندیم کو سوشل پلیٹ فارم ایکس نے بڑے اعزاز سے نواز دیا
بیان میں کہا گیا کہ ارشد ندیم نے ریکارڈ جیولین تھرو پھینک کر اولمپک گولڈ میڈل کے لیے پاکستان کا 40 سالہ انتظار ختم کیا، ایف بی آر نے اس بات پر زور دیا کہ ارشد ندیم کے انعامات پر کوئی ود ہولڈنگ ٹیکس نہیں ہے اور حکومت پاکستان اور ایف بی آر ستمبر 2025 میں ریٹرن فائل کرنے سے پہلے ان کی آمدنی کو استثنیٰ دینے کے لیے پرعزم ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ‘اس وضاحت کے ساتھ ہی ایسی تمام افواہوں کا خاتمہ ہو جانا ضروری ہے کہ ارشد ندیم کی انعامی رقم پر کوئی ٹیکس عائد کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کو انعامی رقم پر کتنا ٹیکس دینا پڑے گا؟
واضح رہے کہ اس سے قبل الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) قومی ہیرو ارشد ندیم کو دی جانے والی انعامی رقم پر ٹیکس چھوٹ دینے کے لیے تیار نہیں ہے۔
اس سے قبل الیکٹرانک میڈیا پر ایف بی آرحکام کے حوالےسے یہ خبر جاری کی گئی تھی کہ کرکٹرزسمیت تمام کھلاڑیوں کی انعامی رقم پر20 فیصد کٹوتی ہوتی ہے اور اسی شرح کے مطابق اولمپکس میں پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتنے والے جیولین تھرورارشد ندیم کی انعامی رقم پر بھی ٹیکس عائد کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: ارشد ندیم کی 92.97 میٹر طویل تھرو، چند اہم حقائق جاننا ضروری ہیں
ایف بی آر کے حکام کے حوالے سے میڈیا پر چلنے والی خبروں میں یہ بھی کہا جا رہا تھا کہ انعامی رقم پر کسی بھی طرح کی معافی یا رعایت کا اختیار وفاقی کابینہ کے پاس ہے اگر وفاقی کابینہ چاہے توارشد ندیم کو ٹیکس کی ادائیگی پر رعایت یا معافی دے سکتی ہے۔