وادی تیراہ میں دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں زخمی ہونے والے پاک فوج کے آفیسر لیفٹیننٹ عزیز محمود ملک شہید ہوگئے۔ جن کی نماز جنازہ پشاور گیریژن میں ادا کر دی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 9 اگست کو وادی تیراہ میں سیکیورٹی فورسز کا فتنہ خوارج کے دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا۔
یہ بھی پڑھیں پاکستان میں دہشتگردی، کالعدم ٹی ٹی پی کے سربراہ نور ولی محسود کی خفیہ کال پکڑی گئی
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے میں زخمی ہونے والے لیفٹیننٹ عزیز محمود ملک سی ایم ایچ پشاور میں زیرعلاج تھے، جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق وادی تیراہ میں کیے گئے اس آپریشن میں خوارج کے 4 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا تھا۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق شہید کی نماز جنازہ میں کور کمانڈر پشاور، شہید کے لواحقین اور سول و عسکری حکام کی بڑی تعداد نے شرکت کی، اب مرحوم کو آبائی علاقے میں فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر نے کہاکہ سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، ایسی کارروائیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔