مستونگ میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ڈپٹی کمشنر پنجگور جاں بحق

پیر 12 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

صوبہ بلوچستان میں مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر جان بلوچ جاں بحق جبکہ ڈسٹرکٹ چیئرمین پنجگور مالک جان سمیت ایک شخص زخمی ہو گیا ہے، وزیر اعلیٰ بلوچستان نے واقعے میں ملوث شرپسندوں کی گرفتاری کے لیے فوری کارروائی کا حکم دیا ہے۔

پیر کو لیویز حکام نے بتایا ہے کہ مستونگ کے علاقے کھڈکوچہ میں مسلح افراد کی اچانک فائرنگ کے نتیجے میں ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر جان جاں بحق جبکہ ڈسٹرکٹ چیئرمین پنجگور مالک جان سمیت ایک شخص زخمی ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:مستونگ: 12 ربیع الاول کے جلوس پر حملہ، 53 افراد جاں بحق، درجنوں زخمی، بلوچستان میں سوگ کا اعلان

لیویز حکام کے مطابق زخمیوں کو شہید نواب غوث بخش رئیسانی میموریل اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے، اسپتال میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر جان پنجگور سے کوئٹہ کی جانب آرہے تھے کہ اس دوران نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی، جس سے وہ موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔

ڈپٹی کمشنر کی رحلت انتہائی افسوسناک، دہشتگردوں کو فوری گرفتار کیاجائے، وزیر اعلیٰ بلوچستان

ادھر وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں فائرنگ کے واقعہ پر انتہائی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دہشتگردوں کی گرفتاری کے لیے فوری کارروائی کا حکم دیا ہے۔

مزید پڑھیں:بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال کو دانستہ خرابی کی جانب دھکیلا جارہا ہے، ترجمان حکومت

وزیر اعلیٰ بلوچستان کے دفتر سے جاری بیان میں واقعے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے محکمہ داخلہ کو ہدایت کی ہے کہ دہشتگردوں کی گرفتاری کے لیے فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔

وزیر اعلیٰ نے اپنے بیان میں کہا کہ دہشتگردی کے واقعہ میں ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر بلوچ کی رحلت اور دیگر افراد کے زخمی ہونے پر دلی افسوس اور دکھ ہوا، ذاکر بلوچ حکومت بلوچستان کے ایک باصلاحیت افسر تھے ، جنہوں نے مختلف ذمہ داریاں بطریق احسن نبھائیں۔

انہوں نے کہا کہ ذاکر بلوچ سول سروس کا ابھرتا ہوا درخشاں ستارہ تھے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، واقعہ میں ملوث دہشتگرد عناصر کو معاف نہیں کیا جائے گا، دہشتگردوں کا آخری حد تک پیچھا کریں گے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہشتگردوں کے خلاف لڑائی میں سب کو متحد ہوکر جواب دینا ہوگا، وزیر اعلٰی بلوچستان کی شہید ذاکر بلوچ کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے صبر جمیل کے لیے دعا اور زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp