ملک بھر میں آج 78ویں یوم آزادی کو جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے، رات 12 بجتے ہی ملک بھر میں آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا، دن کا آغاز نماز فجر میں خصوصی دعاؤں سے ہوا، وفاقی و صوبائی دارالحکومتوں میں توپوں کی سلامی دی گئی۔ علامہ اقبال کے مزار اور مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 توپوں کی سلامی دی گئی جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ پاک فوج کے چاق و چوبند دستوں نے توپوں کی سلامی دی۔
مزار اقبال اور مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی
جشن آزادی کے موقع پر شاعر مشرق علامہ اقبال کے مزار اور مزار قائد کراچی پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقاریب منعقد ہوئیں۔ تقریب کا آغاز قرآن پاک کی تلاوت سے کیا گیا، تقریب میں پاک فوج کے دستے نے نعرہ تکبیر بلند کیا۔ اس موقع پر ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کی دعائیں مانگی گئیں۔
پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس مزار قائد پر اعزازی گارڈ کے فرائض کی ذمہ داری سنبھال لی ہے، بانی پاکستان قائد اعظم کے مزار پر اعزازی گارڈز میں دو دستے شامل ہیں۔ اعزازی گارڈز ایک دستہ پاک بحریہ کے سیلرز پر مشتمل ہے، جبکہ دوسرا دستہ پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس پر مشتمل ہے۔
یوم آزادی کی مناسبت سے پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں آزادی پریڈ کا انعقاد کیا گیا جہاں کیڈٹس کا مارچ پاسٹ ہوا۔
12 بجتے ہی ملک میں جشن شروع ہوا
یوم آزادی پاکستان کی مناسبت سے ملک بھر کی سرکاری عمارتوں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے، جبکہ شہر شہر، گلی گلی بھی قومی پرچم اور جھنڈیاں آویزاں ہیں۔
منچلے نوجوان 12 بجتے ہی سڑکوں پر نکل آئے ہیں اور پاکستان زندہ باد کے نعرے بلند کیے جارہے ہیں، جبکہ جگہ جگہ آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا جارہا ہے۔
کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور ، کوئٹہ اور ملتان سمیت ملک کے کونے کونے میں چراغاں اور آتشبازی کے ساتھ ملی نغموں اور سبزہلالی پرچموں کی بہار آگئی۔
یوم آزادی پاکستان کے موقع پر صدر مملکت آصف زرداری اور وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے بیان جاری کرتے ہوئے قوم کو مبارکباد پیش کی ہے اور وطن کے حصول کے لیے جدوجہد کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
صدر پاکستان کا قوم کے نام پیغام
صدر مملکت آصف زرداری نے اپنے بیان میں کہاکہ میں پاکستان کے یوم ِآزادی پر پوری پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ یومِ آزادی حقِ خود ارادیت کے لیے ہندوستانی مسلمانوں کی تاریخی سیاسی جدوجہد کا نقطہ عروج ہے۔ ایک پُرامن اور جمہوری جدوجہد کے ذریعے پاکستان کا قیام تاریخ کا ایک بے مثل اور بے نظیر باب ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کا 78 واں یوم آزادی، ملک بھر کی فضا قومی نعروں اور ملی نغموں سے گونج اٹھی، جگہ جگہ آتش بازی
انہوں نے کہاکہ ہم پاکستان کے لیے انگنت قربانیاں دینے والے تحریک ِپاکستان کے رہنماؤں، کارکنان اور اپنے آباؤ اجداد کو خراج ِعقیدت پیش کرتے ہیں۔
آصف زرداری نے کہاکہ موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہمیں اپنے اختلافات بالائے طاق رکھ کر ملک کے اتحاد، سالمیت اور معاشی استحکام کیلئے پرعزم ہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہمارے ملک کو بے شمار انسانی اور قدرتی وسائل سے نوازا گیا ہے اور یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ان وسائل کو بروئے کار لائیں۔
صدر مملکت نے کہاکہ ہمیں قانون کی حکمرانی، جمہوری اداروں کے استحکام اور عوامی مفاد میں دل و جان سے کام کرنا ہوگا۔ قوم کی ہم سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں اور ہمیں عوامی امنگوں پر پورا اترنے کی کوشش کرنی چاہیے۔
وزیر اعظم نے بھی قوم کے نام پیغام دیا
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے جشن آزادی پاکستان پر اپنے بیان میں کہاکہ یوم آزادی کے پرمسرت موقع پر میں ملک بھر کے عوام اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہاکہ آج کے دن مجھ سمیت پوری قوم اپنے آباؤاجداد اور تحریک پاکستان کے اُن لاتعداد گمنام ہیروز کی بے پناہ قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے، جنہوں نے جنوبی ایشیا میں کروڑوں مسلمانوں کے لیے ایک آزاد مملکت، جہاں وہ اپنے عقائد اور اقدار کے مطابق زندگی گزار سکیں، کے قیام کے لیے انتھک جدوجہد کی۔
شہباز شریف نے کہاکہ مملکت خداداد پاکستان علامہ محمد اقبال کے تصور کے عین مطابق 14 اگست 1947 کو قائداعظم محمد علی جناح کی غیر متزلزل اور ثابت قدم قیادت اور ہمارے اسلاف کی بے مثال قربانیوں کے نتیجے میں دنیا کے نقشے پر ایک آزاد اور خودمختار ملک کے طور پر ابھرا۔
یہ پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف کا قومی ہیرو ارشد ندیم کے لیے 15 کروڑ روپے انعام کا اعلان
وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان کے بانیوں کی بے لوث اور مسلسل جدوجہد کی بدولت پاکستان ان کٹھن مشکلات سے نبرد آزما ہوا جن کا اسے ابتدائی مرحلے میں سامنا تھا۔ گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران پاکستان نے اہم سنگ میل عبور کیے ہیں۔ قدرتی آفات اور معاشی و سماجی مشکلات کے ذریعے پاکستانی قوم کی ہمت اور استقامت کا امتحان لیا گیا ہے، اس کے باوجود پاکستان کی غیور و بہادر قوم کے عزم اور اتحاد کا جذبہ ہمیشہ غالب رہا ہے۔
نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کا قوم کو پیغام
یوم آزادی کے سلسلے میں بلوچستان اسمبلی کے سبزہ زار میں پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ مل کرعہد کریں ہم نے کسی سازش کا حصہ نہیں بننا، ہمیں مل کر پاکستان کو آگے لے جانا ہے، اور ناراضگی کے نام پر تشدد کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مزار اقبال پر حاضری دی اور قوم کے نام پیغام دیا
وزیراعلیٰ پنجاب نے ملک کی سالمیت، ترقی و خوشحالی، استحکام کے لیے دعا کی، انہوں نے شاعر مشرق علامہ محمداقبالؒ کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا، اس کے علاوہ مریم نواز شریف نے شاہی قلعہ کے عالمگیری دروازے پر پرچم کشائی کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ملک ہمیشہ شاد اور آباد رہے، ہم آزاد ملک میں سانس لے رہے ہیں یہ بڑی نعمت ہے۔
ان کا کہنا تھ اکہ کل میں میاں چنوں ارشد ندیم کے گھر گئی، کئی دہائیوں کے بعد ہمیں گولڈ میڈل ملا، ہمارے نوجوانوں اور قوم میں بہت ٹیلنٹ ہے۔