بجلی کے زیادہ بلوں اور مہنگائی کے باوجود گزشتہ روز پاکستانی قوم نے اپنا 77واں یوم آزادی روایتی جوش و جذبے سے منایا۔ ملک بھر میں نوجوان، خواتین اور بچوں نے پاکستان کے یوم آزادی کی مناسبت سے لباس پہنے اور منفرد نظر آنے کے لیے دیگر اشیا کا بھی خوب استعمال کیا۔
جشن آزادی کے موقع پر عوام سے ’اظہار یکجہتی‘ کے لیے سیاستدانوں خصوصاً خواتین رہنماؤں نے بھی خوب رنگ جمائے۔ اس سلسلے میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔
یہ بھی پڑھیں: ’ہیلی کاپٹر پر چل کر کیسے جاتے ہیں؟‘، ارشد ندیم سے مریم نواز کی ملاقات پر دلچسپ تبصرے
جاذب نظر شخصیت ہونے کی بدولت مریم نواز پہلے ہی خاصی مقبول ہیں، تاہم اس جشن آزادی کے موقع پر ان کے سادہ سے لباس نے ان کی شخصیت کو چار چاند اور لگا دیے۔ مریم نواز نے مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی اور پرچم کشائی کی تقریب کے موقع پر یہ لباس پہنا جو ان پر خوب جچ رہا تھا۔
مریم نواز نے گزشتہ روز پاکستانی پرچم کے رنگوں کی مناسبت سے ایک نہایت سادہ مگر انتہائی خوبصورت لباس پہنا، مریم نواز کے اس خوبصورت سفید لباس کے دوپٹے کے کنارے سبز اور اس پر سبز ہلالی پرچم کا پرنٹ تھا۔ یہ لباس دکھنے میں سادہ نظر آرہا تھا لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ اس لباس کی قیمت کیا ہے۔
مریم نواز کا یہ سوٹ ’ پرنیان بائے عائشہ‘ برانڈ کا تیار کردہ تھا، برانڈ کے سوشل میڈیا پیج پر مریم نواز کی تصویر بھی شیئر کی گئی ہے جبکہ اس برانڈ کی ویب سائٹ پر اس سوٹ کی قیمت 34 ہزار 999 پاکستانی روپے درج ہے۔