پیرس اولمپکس 2024 میں نیزہ پھینکنے کے مقابلے میں گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم کی 92.97 میٹر طویل تھرو کا نظارہ اس قدر شاندار اور قابل دید ہے کہ ہر کوئی اس کے کلپ بار بار دیکھتا ہے۔ اور اپنے آپ کو ارشد ندیم جیسا بننے کا سوچنے لگتا ہے۔
ارشد ندیم کی اس تاریخ ساز تھرو کی میمز بھی خوب بنی ہیں۔ میمز بنانے والوں نے اسے اپنے مخصوص سیاسی مقاصد کے لیے بھی استعمال کیا بالخصوص پاکستان میں اپوزیشن جماعتوں سے وابستہ سوشل میڈیا ایکٹویسٹس نے۔
ارشد ندیم کی اس تھرو کو پسند کرنے والے صرف پاکستان ہی میں نہیں ہیں بلکہ دنیا کے ہر خطے میں لوگ ان کی تھرو کا ویڈیو کلپ بار بار دیکھتے ہیں۔اور اس پر میمز بنیں۔ اور تو اور مختلف کاروباری کمپنیاں بھی ارشد ندیم کی 92.97 میٹر طویل تھرو کو اپنے کاروبار کے فروغ کے لیے استعمال کر رہی ہیں۔
View this post on Instagram
مثلاً ترکیہ میںمٹھائیوں کے ڈیڑھ سو سال پرانے برانڈ ’حافظ مصطفیٰ‘ نے بھی ایسا ہی ایک ویڈیو کلپ تیار کیا ہے اور اسے اپنے انسٹاگرام پلیٹ فارم پر لگایا ہے۔ اس میں ارشد ندیم دوڑتے ہیں اور تھرو پھینکتے ہیں ۔ پھر ویڈیو کلپ کے اختتام پر نیزہ سیدھا ’حافظ مصطفیٰ‘ کی مصنوعات میں سے ایک ’بکلاوا‘ میں جا کر پیوست ہو جاتا ہے۔
تین دن پہلے اپ لوڈ ہونے والے اس ویڈیو کلپ کو اب تک کروڑوں افراد دیکھ چکے ہیں۔ اور یہ کمپنی کی تمام ریلیز میں سب سے زیادہ دیکھی جانے والی ریل ہے۔
ایک سوشل میڈیا صارف زلیخہ طارق نے مٹھائیوں کے اس برانڈ کے نام اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ آپ کی یہ ’ریل‘ سب سے زیادہ دیکھی گئی ہے، اب آپ کا فرض ہے کہ آپ اپنی پراڈکٹ ’بکلاوا‘ ارشد ندیم کو بھی بھجوائیں۔