جنرل فیض کی گرفتاری، مزید لوگ بھی پکڑے جائیں گے، عطاتارڑ

ہفتہ 17 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات عطاتارڑ نے کہا ہے کہ عمران خان، جنرل فیض اور ان کے ساتھیوں نے مل کر ملک میں تباہی پھیلانے کی سازش کی، اس سازش کی تفتیش کا دائرہ کار بڑھے گا،جنرل فیض کو گرفتار کرکے فوج نے ایک مثال قائم کی ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطاتارڈ نے کہا کہ ملک میں مہنگائی میں کمی آرہی ہے، آگے مزید کمی آئے گی اور حالات مزید بہتر ہوں گے، گزشتہ روز پنجاب حکومت نے 500 یونٹس استعمال کرنے والے بجلی صارفین کے لیے ریلیف کا اعلان کیا، اس سے قبل وفاقی حکومت 200 یونٹ استعمال کرنے والے بجلی صارفین کے لیے قدم لے چکی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: ای سی سی نے وزیراعظم کے نظر ثانی شدہ ریلیف پیکج کی منظوری دے دی

عطاتارڑ نے کہا کہ عوام کی مشکلات کو دور کرنے کے لیے جو بھی قدم اٹھانا پڑا، وہ قائد نواز شریف کی لیڈرشپ میں اٹھائیں گے، وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت عوام کو مکمل ریلیف کے ایجنڈے پر کاربند ہے، عوام کو ہر طرح سے ریلیف مہیا کرکے ہی دم لیں گے۔

وفاقی وزیرنے کہا کہ فوج کے ادارے نے شفاف تحقیقات کی ہیں، فوج کے اندر احتساب کا اپنا میکنزم ہے، فوج کا ادارہ دنیا میں اس لیے بہترین جانا جاتا ہے کہ وہ خود احتسابی پر یقین رکھتا ہے، ابھی حالیہ دنوں میں جنرل (ر) فیض حمید کو گرفتار کیا گیا، یہ فوج کے ادارے کی شفافیت کی ایک مثال ہے، تحقیقات کے نتیجے میں مزید لوگ گرفتار ہوئے یا گرفتار ہونے جارہے ہیں، تفتیش کا دائرہ کار بھی بڑھ رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جنرل فیض حمید کی صحافی ابصار عالم سے مبینہ ٹیلی فونک گفتگو لیک

’یہ سب اس لیے ہورہا ہے کہ تحریک انتشار کے چیئرمین نے ملک میں نفرت اور انتشار کی سیاست کی، عمران خان نے ان لوگوں کے ساتھ گٹھ جوڑ کر کے ملک میں بدامنی پھیلانے اور ملکی سالمیت کو نقصان پہنچانے کی سازش کی، اس سازش کا سرغنہ عمران خان تھا اور ان کی سہولت کاری جنرل فیض اور ان کے باقی ساتھی کررہے تھے۔‘

انہوں نے کہا کہ اس سازش کی تفتیش کا دائرہ کار بڑھے گا، اس سازش میں اور اداروں کے لوگ بھی شامل ہیں، ثاقب نثار ہوں یا کوئی اور یہ تفتیش آگے بڑھے گی، کسی کو اجازت نہیں دی جاسکتی کہ وہ گٹھ جوڑ کے ساتھ اس ملک میں تباہی پھیلانے کی سازش کرے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بھی قابل ذکر بات ہے کہ یہ بھی گٹھ جوڑ تھا کہ طالبان کو لا کر بسایا گیا، آج ملک میں بے امنی کی ذمہ دار یہی لوگ ہیں، ملک کا امن، قومی سلامتی کو نقصان پہنچایا، شواہد سامنے آ رہے ہیں، بانی چیئرمین کا رابطہ تحریک عدم اعتماد کے دوران بحال تھا، اب بھی جیل میں پیغام رسانی جاری تھی۔

یہ بھی پڑھیں: جنرل فیض کے بعد اب کس کس کی باری ہے؟

ان کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف نے ملک میں موٹرویز کا جال بچھایا، انہوں نے سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کیں، حکومت پنجاب نے بجلی صارفین کو سہولت پہنچا کر احسن اقدام کیا۔

وزیر اطلاعات کا پنجاب میں بجلی کے بلوں میں 14 روپے کمی کرنے کے اعلان پر کہا کہ یہ عوام کے درد کو محسوس کرتے ہوئے، مشکلات کا احساس کرتے ہوئے، 45 ارب روپے کی خطیر رقم سے جو یہ معاملہ کیا گیا ہے، تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp