خیبرپختونخوا میں سرکاری فنڈز پر لڑائی ہورہی ہے، عظمیٰ بخاری

اتوار 18 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر اطلاعت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے بارے میں مشہور تھا کہ یہ کھاتا بھی ہے کھلاتا بھی ہے لیکن لگاتا نہیں، علی امین گنڈاپور بالکل اپنے لیڈر کے نقشے قدم پر نہیں چل رہے، وہ اکیلے ہی کھا رہے ہیں، کابینہ کو نہیں کھلا رہے، کے پی میں سرکاری فنڈز کے حصے بانٹنے پر لڑائیاں ہورہی ہیں۔

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹرسیف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بیرسٹر صاحب حقیقت یہی ہے آپ سے صوبہ نہیں چل رہا، جو جماعت دوسروں پر کرپشن کے الزامات لگاتی ان کے اپنے وزرا اپنے ہی وزیراعلیٰ کو چور اور کرپٹ قرار دے رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: شیرافضل مروت اور شاندانہ گلزار مریم نواز سے معافی مانگیں، عظمی بخاری

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں سرکاری فنڈز کے حصے بانٹنے پر لڑائیاں ہورہی ہیں، دودھ کی رکھوالی پر بلے کو بٹھائیں گے تو بچے چیخیں تو ماریں گے، یہ لوگ پختونوں کی قسمت بدلنے آئے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کہ جو ہیرے اور گوہر نایاب بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بزدار کی کابینہ میں تھے ایسے ہی ہیرے گنداپوڑ کی کابینہ میں ہیں۔ ان سب کو اپنی اپنی جیبیں بھرنے کی فکر ہے عوام چاہے مہنگی روٹی خریدیں۔

یہ بھی پڑھیں: بیرسٹر سیف کا بیان ’بیگانی شادی میں عبداللہ دیوانہ ‘ والی مثال ہے، عظمیٰ بخاری

یاد رہے کہ مشیراطلاعات خیبرپختونخوا نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ وفاق اور پنجاب میں فارم 47 جعلی سرکار خیبر پختونخوا جیسے منصوبے شروع کر نے میں تاحال ناکام ہے، شریف خاندان کے منصوبے کمیشن سے شروع اور کمیشن پر ختم ہوتے ہیں، شریف خاندان صرف وہ منصوبے شروع کرتے ہیں جس میں ان کے کاروبار کو فائدہ ہو۔

بیرسٹر سیف نے کہا کہ پنجاب میں طلبہ کا ای بائیک لینے سے انکار اس کامنہ بولتا ثبوت ہے۔ 8 ہزار میں سے 6 ہزار طلبہ نے بائیک لینے سے انکار کردیا ہے۔ پنجاب کی مینڈیٹ چور  جعلی سرکار کی موٹر سائیکل اسکیم کالجز میں فلاپ ہونے لگی ہے۔عوامی مفاد کے منصوبے شروع کرنا مینڈیٹ چور سرکار کے بس کی بات نہیں ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp