نوجوانوں کے لیے ملک بھر میں 250 ای روزگار مراکز کے قیام کا اعلان

پیر 19 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی حکومت نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے صوبائی حکومتوں اور نجی اداروں کے تعاون سے ملک بھر میں 250 سے زائد ای روزگار سینٹرز کے قیام کا اعلان کردیا۔

یہ بھی پڑھیں: فری لانسرز کے لیے خوشخبری: حکومت کا 10 ہزار ای روزگار سینٹرز کے قیام کا اعلان

وزارت آئی ٹی کے ایک عہدیدار کے مطابق ان مراکز کا مقصد چھوٹے شہروں میں محنتی اور ہنر مند نوجوانوں کو ضروری سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ انہیں ڈیجیٹل مواقع تک رسائی حاصل کرنے میں مدد ملے۔

ای روزگار مراکز ملک کے ہر ضلع میں قائم کیے جائیں گے۔ ان مراکز کی تقسیم ہر صوبے کی آبادی کے ساتھ ساتھ اگنائٹ کے ساتھ رجسٹرڈ 12 لاکھ فری لانسرز کے اعداد و شمار پر مبنی ہے۔

پنجاب میں 149 مراکز قائم کیے جائیں گے جبکہ سندھ 51، خیبر پختونخوا 28، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد 11، بلوچستان 6، آزاد کشمیر 3 اور گلگت بلتستان میں 2 مراکز قائم کیے جائیں گے۔

مزید پڑھی: ایس آئی ایف سی کے تعاون سے ملک بھر میں کاروباری سہولت مراکز کے قیام کا فیصلہ

اے پی پی کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے پنجاب میں شروع کیے گئے ای روزگار سینٹرز انتہائی کامیاب ثابت ہوئے ہیں جن سے لاکھوں نوجوان مستفید ہو رہے ہیں، یہ مراکز خاص طور پر ان لوگوں کے لیے ڈیزائن کیے گئے ہیں جو مہنگے دفتری مقامات کے متحمل نہیں ہو سکتے اور جو انہیں آئی ٹی کی مہارتوں سے فائدہ اٹھانے اور ڈیجیٹل افرادی قوت میں شامل ہونے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔

توقع ہے کہ اس اقدام سے مزید نوجوانوں کو تیزی سے ترقی کرتے ہوئے آئی ٹی شعبے سے فائدہ اٹھانے کے قابل بنایا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp