لیجنڈری اداکار و کامیڈین سلمان شاہد کہتے ہیں کہ بھارت میں ایک فلم کابل ایکسپریس کی شوٹنگ کے دوران میرے ہاتھ سے اصلی رائفل چل گئی، اور چلتے چلتے میرا ہاتھ دائیں جانب پھر گیا، اس دوران رائفل کے کارتوس کا بقیہ حصہ ڈائیلاگ رائٹر کے سر پر جا لگا جس کے بعد اس نے شوٹنگ پر آںے سے ہی انکار کردیا۔
سینیئر اداکار سلمان شاہد نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ فلموں میں نقلی موچھیں لگانا یا نقلی بندوقیں پکڑنا بڑا عجیب لگتا ہے۔ بھارت میں فلم کی شوٹنگ کے دوران کچھ اس قسم کا ہی واقعہ پیش آیا تھا جب اصلی بندوق اٹھا کر شوٹنگ کررہے تھے، مجھے بغیر پریکٹس کے ہی رائفل دھما دی تھی۔ اچانک میں نے جب اس کو چلایا تو پورا ہاتھ دائیں جانب گھوم گیا۔
مزید پڑھیں: اداکار شان سے لڑائی کس بات پر ہے؟معمر رانا نے بتادیا
انہوں نے کہا کہ مجھے زندگی بھر ایک ہی پچھتاوا ہے کہ میں نے اپنی فلم نہیں پروڈیوس کی، میرے پاس ابھی بھی اسکرپٹ لکھے ہوئے پڑے ہیں لیکن فلم بنا نہیں سکا۔ ایسا ہوتا کہ صرف سوچا ہوتا اور کام نہ کیا ہوتا تو ایک الگ بات تھی لیکن میں نے اسکرپٹ بھی لکھ رکھے تھے لیکن فلم نہیں بنا سکا۔
سلمان شاہد نے ایک نوجوان کے سوال کے جواب میں کہا کہ عشق کرنے کے مختلف مرحلے ہوتے ہیں، جب نوجوان ہوتے ہیں تو اس کی نوعیت تھوڑی الگ ہوتی ہے، لیکن عمر جیسے جیسے بڑھتی جاتی ہے تو اس کی نوعیت بھی بدلتی جاتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: رنویر سنگھ مجھے فالو کرتے ہیں، اداکار نعمان اعجاز
انہوں نے کہا کہ ایک راز کی بات بتاتا ہوں کہ جب آپ کسی بھی لڑکی سے پہلی بار بات کررہے ہوتے ہیں نا لڑکی جان بوجھ کر آپ کو ایسا محسوس کرواتی ہے کہ وہ کچھ بھی نہیں جانتی۔ اس دوران لڑکے سب کچھ بتا رہے ہوتے ہیں کہ جیسے دنیا کا سارا علم انہیں کے پاس ہے۔ ان کی اس بات پر پروگرام میں موجود وصی شاہ سمیت تمام لوگوں کے قہقہے پھوٹ گئے۔