پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیئر رہنماؤں نے پارٹی چئیرمین بیرسٹر گوہر سے شیر افضل مروت کی واپسی پر وضاحت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
گزشتہ روز ہونے والے ایک اجلاس کے دوران سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز نے کہاکہ عمران خان کے کہنے پر شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکالا گیا، اب دوبارہ واپسی کیسے ہوئی ہے؟
یہ بھی پڑھیں جنرل باجوہ اور فیض حمید کی جوڑی ہمارے لیے بدنامی کا باعث بنی، شیر افضل مروت
بیرسٹر گوہر نے اس حوالے سے بریفنگ دی کہ یہ معاملہ عمران خان اور بیرسٹر گوہر کے درمیان طے ہوا ہے اور انہی کے کہنے پر شیر افضل مروت کی واپسی ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز نے بیرسٹر گوہر کو کہاکہ شیر افضل مروت نے دوبارہ پارٹی رہنماؤں کے بارے کچھ کہا تو اس کے ذمہ دار آپ ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شیر افضل مروت کی پارٹی میں واپسی کا اعلان تو کردیا گیا ہے، تاہم سیاسی کمیٹی اور کور کمیٹی کی رکنیت تاحال بحال نہیں کی گئی نہ ہی عمران خان نے اس حوالے سے کوئی ہدایات دی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں عمران خان چاہتے تو جنرل عاصم منیر کی آرمی چیف تعیناتی کو روک سکتے تھے، شیر افضل مروت
شیر افضل مروت کی کور کمیٹی اور سیاسی کمیٹی کی رکنیت بدستور معطل ہے، جبکہ ان کی پارٹی رکنیت ختم کرنے کا نوٹیفیکیشن بھی تاحال واپس نہیں لیا گیا۔