بجلی سبسڈی پر شارٹ ٹرم ریلیف سے متعلق غلط خبروں پر مریم نواز برہم

بدھ 21 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مریم نواز نے گزشتہ روز پنجاب میں بجلی کی قیمت میں 14 روپے فی یونٹ کمی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ 2 ماہ کے لیے بلز میں ریلیف دیا گیا ہے۔ عوام کم از کم 2 ماہ تو سکون سے گزار سکیں گے اور یہ قلیل مدتی ریلیف نہیں بلکہ اس کے بعد ہم بہت بڑا شمسی توانائی کا منصوبہ لارہے ہیں جو ہمیشہ کے لیے صارفین کو زیادہ بلوں سے نجات دے گا۔

سوشل میڈیا پر مریم نواز کے پورے کلپ کی جگہ ’بجلی بلوں پر ریلیف شارٹ ٹرم نہیں بلکہ 2 ماہ کا ہے‘ کے مخصوص الفاظ کے اسکرین شارٹس لگائے گئے جس پر صارفین نے مریم نواز کو خوب تنقید کا نشانہ بنایا لیکن چند صارفین نے اسکرین شارٹ اور اصل ویڈیوز پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر مریم نواز کے بیان کا غلط حوالہ دیا گیا ہے۔

آئینی ماہر اور تجزیہ کار ریما عمر نے مریم نواز کی ویڈیو اور نجی ٹی وی کے اسکرین شارٹس شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’اسکرین شارٹ صحافت‘ ایک لعنت ہے۔

مصفطیٰ شاہ لکھتے ہیں کہ وہ غلط ہوسکتے ہیں لیکن انہیں لگتا ہے کہ سوشل میڈیا پر خاص طور پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا غلط حوالہ دیا گیا ہے اور ان کے بیان کو غلط طریقے سے پیش کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے خود بھی اس اسکرین شارٹ پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس جعلی خبر کو رپورٹ کررہی ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل کئی صارفین یہ سوال کرتے نظر آرہےتھے کہ شارٹ ٹرم اور 2 ماہ کے ریلیف میں کیا فرق ہے۔ صحافی علینہ شگری نے لکھا کہ اب مریم نواز نے مختصر مدت کی ایک نئی تعریف کردی ہے۔

مریم نواز کی جانب سے 500 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے فی یونٹ 14 روپے کمی کے اعلان پر ردِعمل دیتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اسے بیوقوفی قرار دیا تھا۔ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ عجیب و غریب اعلانات سے ہم پریشانی میں آجاتے ہیں، ان بیوقوفی کے اعلانات کا کیا جواب دیں؟

مراد علی شاہ کے بیان پر ردِعمل میں مریم نوازکا کہنا تھا کہ کسی نے یہ لفظ استعمال کیا کہ یہ عوام کو ریلیف دینا بیوقوفی ہے تو وہ ہنس پڑیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کیا کرپشن کا پیسہ جیب میں ڈالنا اور پروٹوکول پر پیسے خرچ کرنا بیوقوفی نہیں؟

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp