190 ملین پاؤنڈ کیس، عمران خان کے خلاف فیصلہ نہ سنانے کا حکم امتناع ختم

بدھ 21 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس میں حتمی فیصلہ نہ سنانے جا حکم امتناع ختم کر دیا۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس بابر ستار نے سماعت کی ۔ اور توشہ خانہ ٹو کیس میں گرفتاری کے خلاف بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی درخواستیں غیر مؤثر قراردے دیں۔

یہ بھی پڑھیں:190 ملین پاؤنڈز ریفرنس: اسلام آباد ہائیکورٹ نے ٹرائل کورٹ کو کیس کا فیصلہ سنانے سے روک دیا

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس میں جیل ٹرائل روکنے کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔ عمران خان نے اپنے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت کی ابھی کوئی تاریخ طے نہیں کی گئی ہے، اس رٹ پٹیشن میں درخواست گزار کی کامیابی کا بہت زیادہ امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں:190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل سمیت عمران خان کی تمام کیسز میں ضمانتیں منظور، لاہور واپس روانہ

درخواست میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ درخواست میں دلائل کا توازن درخواست گزار کے حق میں ہے، اگر اس درخواست کے فیصلے تک ٹرائل کورٹ کے کی کارروائی کو روکا نہیں جاتا تو درخواست گزار کو کافی نقصان اٹھانا پڑے گا۔ عمران خان نے درخواست میں عدالت سے استدعا کی ہے کہ نیب کورٹ نمبر ایک اسلام آباد میں 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی کارروائی کو انصاف، مساوات اور انصاف کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے رٹ پٹیشن کے فیصلے تک روک دیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں:القادر ٹرسٹ کیس: نیب نے عمران خان کو نوٹس وصول کروا دیا

اس درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس میں ٹرائل کورٹ کو بدھ تک کیس کا حتمی فیصلہ سنانے سے روک دیا تھا۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس بابر ستار پر مشتمل اسلام آباد ہائیکورٹ کے 2 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت بدھ تک ملتوی کردی تھی اور کہا تھا کہ ٹرائل کورٹ میں 190 ملین پاؤنڈز کیس کا ٹرائل جاری رہے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp