نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ کوئی دو آرا نہیں کہ پاکستان نے گزشتہ 4 سال میں معاشی طور پر نقصان اٹھایا، جس نے بھی ملک کے ساتھ غداری کی اس کا انجام بڑا بھیانک ہوتا ہے، جنہوں نے ملک کو دولخت کیا ان کا حال بہت برا ہوا۔
لاہور میں داتا دربار پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ وہ کبھی عہدوں کے پیچھے نہیں بھاگے، پاکستان کے خدمت کے لیے نوکری کررہے ہیں، اس بار کئی عہدے ملے ہیں، نواز شریف کی قیادت میں ملک کو ایک بار پھر معاشی قوت بنائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ناراضی کے نام پر دہشتگردی قبول نہیں، نوجوان ہر قسم کی انتہاپسندی کو مسترد کردیں، اسحاق ڈار
اسحاق ڈار نے کہا کہ ماضی میں ملک دو لخت ہوا، ہم نے آدھا حصہ گنوا دیا، جنہوں نے ملک کو دولخت کیا ان کا حال بہت برا ہوا، کوئی دو رائے نہیں کہ پی ٹی آئی کے چار سالوں میں ملک پیچھے گیا ہے، نواز شریف کی حکومت میں اللہ کے فضل سے پاکستان کو مشکلات سے نکلنے میں صرف ساڑھے 3سال لگے تھے، نواز شریف نے ملک کی معیشت کو 24 ویں نمبر پر پہنچایا تھا، ہم جی 20 ممالک میں شامل ہونے والے تھے۔
ہم نے نوازشریف کی قیادت میں پاکستان کو دنیا کی 24ویں بڑی معیشت بنایا تھا
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خدمت کرکے نوکری کررہا ہوں، میں کبھی عہدوں کے پیچھے نہیں بھاگا، اللہ کا فضل ہے پہلے بھی وزیر خزانہ رہا، اس بار مجھے کئی ذمہ داریاں ملی ہیں، ڈپلومیٹک طور پر کہتے تھے پاکستان تنہائی کا شکار ہوگیا ہے، ہم نے نوازشریف کی قیادت میں پاکستان کو دنیا کی 24ویں بڑی معیشت بنایا تھا، ہماری پچھلی حکومت کے بعد اگلے 4 سال میں پاکستان 47ویں معیشت بن گیا۔
یہ بھی پڑھیں: تلخیاں بھلا کر قوم کو آگے لے جانے کی ضرورت ہے، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار
انہوں نے کہا کہ 2013 میں روزانہ گھنٹوں لوڈشیڈنگ اور روز دھماکے ہوتے تھے، اگلے ساڑھے 3 سالوں میں نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ ن کی حکومت نے لوڈشیڈنگ اور دہشتگردی کا خاتمہ ہوا اور کیپاکستان 24 ویں معیشت پر پہنچا۔
شہباز شریف دن رات محنت کررہے ہیں، معیشت مستحکم ہوگی
وزیرخارجہ نے کہا کہ اس وقت بھی شہباز شریف دن رات محنت کررہے ہیں، شہباز شریف کی قیادت میں معیشت مستحکم ہوگی، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا اقدام لائق تحسین ہے کہ انہوں نے 2 ماہ کے لیے عوام کو بجلی بلوں میں ریلیف دیا ہے، پنجاب کے عوام کو بجلی بلوں کی مد میں 46 ارب روپے کا ریلیف دیا گیا ہے۔