قاضی صاحب اپنا قبلہ درست کریں اور درست فیصلے دیں، اعظم سواتی

پیر 26 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی نے کہا ہے کہ قاضی صاحب! اپنا قبلہ درست کریں اور درست فیصلے دیں، قانون کو پاؤں کے نیچے روندنے نہیں دیں گے۔ ایسا نا ہو کہ آپ کا اور عامر فاروق کا نام مولوی مشتاق کی طرح یاد کیا جائے۔ قاضی صاحب آپ ایک بہت بڑی آیت کے نیچے بیٹھے ہوئے ہیں۔

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعظم سواتی نے کہا کہ قاضی صاحب، عامر فاروق صاحب اور سکندر سلطان راجا کے گھٹ جوڑ نے ہمیں بنیادی حقوق سے محروم کردیا۔ قاضی صاحب آپ کا نوٹیفیکشن 4 ماہ پہلے ہوا تھا، منصور علی شاہ کا نوٹیفکیشن کیوں نہیں کیا جارہا؟ بلی کو گوشت کا چوکیدار بنایا ہوا ہے۔

اعظم سواتی کا مزید کہنا تھا کہ آج پاکستان کی سب سے بڑی عدالت میں بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر سپریم جوڈیشل کونسل کے دفتر آیا تھا، کہ 28 فروری کو جعلی الیکشن کے خلاف ریفرنس فائل کیا تھا اس پر کیا پیش رفت ہوئی؟ میں 49 برس سے وکیل ہوں لیکن مجھے رجسٹرار آفس جاںے کی اجازت نہیں دی گئی۔

مزید پڑھیں:میرے استعفے کا شیر افضل مروت کے خلاف کارروائی سے کوئی تعلق نہیں، اعظم سواتی

ان کا کہنا تھا کہ آئین کو روند کر ججز کی عمر میں کمی یا بڑھائی جانے کی باتیں کی جارہی ہیں، ایسا ہم وکلا اور ملک کے عوام نہیں ہونے دیں گے۔ میں جب باہر جاتا ہوں لوگ ہاتھ ماتھا چومتے ہیں جبکہ باجوہ گھر کی کھڑی سے بھی نہیں جھانک سکتے۔

اعظم سواتی نے کہا کہ قاضی صاحب اور عامر فاروق صاحب پی ٹی آئی اور بانی پی ٹی آئی کے مقدمات نہ سنیں، ہمارا اعتماد اٹھ چکا ہے، کوئی اعتماد نہیں رہا، بار کونسل کو خریدنے سے اعتماد بحال نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ میں عمران خان کا پیغام لے کر آیا ہوں، اعظم سواتی اور بانی پی ٹی آئی کسی کے ایجنٹ نہیں۔ بانی پی ٹی آئی نے کہا مجھ پر اور تم پر مزید سختیاں ہوں گی اور مجھ پر مزید کیسز بنائے جائیں گے، بانی پی ٹی آئی نے ختم نبوت کے احترام میں کہا کہ جلسہ نہیں کر رہے۔

مزید پڑھیں:متنازع ٹوئٹس کا معاملہ: اعظم سواتی کو 11 گھنٹے بعد سائبر کرائم سینٹر سے جانے کی اجازت

اعظم سواتی کا کہنا تھا کہ ہمارا منڈیٹ واپس ہو تو ملک میں آئین کا بول بالا ہو۔ جتنے بھی جعلی مقدمات بنائے گئے، ہم ان کا سامنا کریں گے، اس ملک کو بچانے کے لیے ہمیں آئین کی پاسداری چاہیے۔ ہم ایک مصیبت سے نہیں بہت سی مصیبتوں سے گزر رہے ہیں۔ میں نے بتائیں کون کی مصیبت برداشت نہیں کی؟ ہمارا ورکر سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑا رہے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp