امپورٹڈ مکھن کو مقامی بتاکر بیچنا کمپنی کے گلے پڑگیا

پیر 26 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

یوں تو ہمارے ملک میں مقامی چیز پر غیرملکی مہر لگا کر بیچنے پر عموماً کوئی سرزنش دیکھنے میں نہیں آتی لیکن نیوزی لینڈ میں ایک ڈیری کمپنی کو بیرونی ملک کے مکھن کو مقامی بتاکر بیچنا مہنگا پڑگیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق نیوزی لینڈ کے کامرس کمیشن نے پیر کو ملکیو فوڈز لمیٹڈ نامی کمپنی کو اس بات پر جرمانہ کیا کہ اس نے اپنی ایک ’100 فیصد خالص نیوزی لینڈ گھی‘ کے نام سے بیچی جانے والی پروڈکٹ میں غیر ملکی مکھن کا استعمال کرکے صارفین کو گمراہ کیا۔

کامرس کمیشن کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کی ایک ڈیری کمپنی کو مقامی طور پر تیار کردہ مصنوعات میں درآمد شدہ ہندوستانی مکھن استعمال کرنے پر 420,000 نیوزی لینڈ ڈالر (261,452 امریکی ڈالر) کا جرمانہ کیا گیا ہے۔

کمپنی نے ‘100 فیصد خالص نیوزی لینڈ مصنوعات‘ کے نام والی پروڈکٹ میں استعمال ہونے والے مکھن کی اصل کے بارے میں صارفین کو گمراہ کیا۔

کمیشن نے کہا کہ ہیملٹن میں مقیم ملکیو نے فیئر ٹریڈنگ ایکٹ کی 15 خلاف ورزیوں کا اعتراف کیا جس میں جھوٹی نمائندگی کے ساتھ ساتھ فرن مارک لوگو کے غیر مجاز استعمال کا بھی اعتراف کیا گیا جو نیوزی لینڈ کی تیار کردہ مصنوعات کی شناخت کے لیے استعمال ہوتا ہے۔

کامرس کمیشن فیئر ٹریڈنگ کی جنرل منیجر وینیسا ہورن نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی اعلیٰ معیار کی ڈیری مصنوعات بین الاقوامی شہرت کی حامل ہیں تاہم اس کمپنی نے مقامی قرار دی جانے والی پروڈکٹ میں غیر ملکی مال استعمال کیا جس سے ہماری ڈیری انڈسٹری اور برآمدات کی قدر کم ہوتی ہے لہٰذا اس وجہ سے کمپنی کے خلاف کارروائی ضروری تھی۔

کمپنی نے نیوزی لینڈ میں صاف سبز چراگاہوں پر مبنی ڈیری فارمز سے‘ جیسی پنچ لائن کے ذریعے اپنی ایسی پروڈکٹ بیچی جو خالصتاً نیوزی لینڈ کی نہیں تھی لہٰذا اس گمراہ کن بات پر کمپنی کے خلاف ایکشن لیا گیا۔

ہورن نے کہا کہ یہ کارروائی دیگر ایسی کمپنیوں کے لیے ایک وارننگ بھی ہوگی جو نیوزی لینڈ کے برانڈ پر جھوٹا دعویٰ کرنے کا ارادہ کر رہے ہوں۔

واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کی ڈیری انڈسٹری جنوبی بحرالکاہل کے اس ملک کی سب سے بڑی کماؤ پوت انڈسٹریز میں سے ایک ہے۔

محض 50 لاکھ کی آبادی والے ملک نیوزی لینڈ کی ڈیری کمپنیز ایسوسی ایشن کے مطابق یہ دودھ کی پیداوار میں ملک دنیا کا 8 واں سب سے بڑا ملک ہے۔ نیوزی لینڈ اپنی ڈیری کا 95 فیصد سے زیادہ بیرون ملک برآمد کرتا ہے۔

نیوزی لینڈ حکومت کے مطابق کیوی پروڈیوسروں نے مارچ 2024 تک سال میں 23.7 ارب نیوزی لینڈ ڈالر  (14 اعشاریہ 7 ارب امریکی ڈالر) کی ڈیری مصنوعات برآمد کیں جو کل برآمدی قدروں کا تقریباً ایک چوتھائی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp