’اب بل بھی فارم 47 کی طرز پر بن رہے‘، مریم نواز کی جانب سے بجلی کے بلوں میں ریلیف پر تنقید کیوں ہورہی ہے؟

بدھ 28 اگست 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے بجلی کے بلوں میں ریلیف ملنا شروع ہوگیا۔ مریم نواز نے ریلیف والا بجلی بل سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’الحمدُ للّٰہ،  نواز شریف کی خواہش اور ہدایت کے مطابق پنجاب کے عوام کو بجلی کے بلوں میں ریلیف ملنا شروع‘۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے بلز کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہی صارفین کی جانب سے مختلف تبصروں کا آغاز ہو گیا، نادر بلوچ نے تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ کل وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے بجلی کا بل شئیر کیا تو منٹوں میں اس بل کا آن لائن اسٹیٹس سامنے آگیا۔ آج مریم نواز صاحبہ نے جو بل شئیر کیے ہیں اُن سب کے ریفرنسز اور ناموں کو بلر کردیا گیا ہے تاکہ کوئی بھی آن لائن اسٹیٹس چیک نہ کرسکے۔ اسے کہتے ہیں شفافیت۔

 فیضان شیخ نے لکھا کہ مریم نواز کی جانب سے شیئر کیے گئے دونوں بِلوں کے 326 یونٹس ہیں ایک کا بل 17904 جبکہ دوسرے کا 19355 روپے آیا ہے،کیا ان لوگوں نے عوام کو چیونٹیاں سمجھ رکھا ہے؟

ایک ایکس صارف کا کہنا تھا کہ یہ سب فیک اور ایڈیٹڈ بل ہیں اصل بجلی کے بل آن لائن موجود ہیں۔

ایک صارف نے لکھا کہ پوچھنا یہ تھا کہ جب شیئر کیے گئے دونوں بل 326 یونٹس کے ہیں تو ایک صارف سے تقریباً 1500 روپے ایکسٹرا کیوں لیے جارہے ہیں ؟ کیا اس کا گھر گرڈ اسٹیشن سے زیادہ دور پڑتا ہے یا یہ سوتیلا پنجابی ہے۔

حسین نامی ایکس صارف نے لکھا کہ اب بجلی کےبل بھی فارم 47 کی طرز پر بن رہے ہیں۔

جہاں کئی صارفین بجلی کے بلوں میں ریلیف پر تنقید کرتے نظر آئے وہیں بعض صارفین نے مسلم لیگ ن کے اس اقدام کو سراہا اور کہا کہ یہ ریلیف عارضی ہے اس کا مستقل حل نکالنا چاہیے تاکہ عوام بھی سکون کا سانس لے سکے۔

واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم و مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے بھی اعلان کیا تھا کہ پنجاب میں 500 تک یونٹ بجلی استعمال کرنے والوں کو فی یونٹ 14 روپے ریلیف دیا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp