کراچی کی خواتین جیل کے حوالے سے ماضی میں بہت سی خبریں آتی رہی ہیں کہ رقم کے عوض خواتین کو گھر جانے دیا جاتا ہے اور دیگر سہولیات بھی فراہم کی جاتی ہیں۔ اسی صورت حال کے پیش نظر ماضی میں سندھ ہائیکورٹ میں درخواست بھی دائر کی جا چکی ہے کہ جب بھی کوئی بڑے کیس میں مالدار قیدی جیل جاتا ہے تو مختلف خبریں زیر گردش رہتی ہیں اور یہی معاملہ نتاشا دانش کے حوالے سے بھی ہو رہا ہے۔
جیل حکام تو اس حوالے سے سب اچھا کی رپورٹ دے رہے ہیں لیکن جیل کے ذرائع کچھ اور ہی بتارہے ہیں۔
نتاشا دانش جیل میں کہاں رہتی ہیں؟
خواتین جیل کے بہت سارے سیکشن ہیں جن میں ایک وہ سیکشن ہے جہاں قیدی کی ذہنی کیفیت کی جانچ کی جاتی ہے جہاں قیدی کو پرکھا جاتا ہے کہ اسے ذہنی طور پر کوئی ایسا مسئلہ تو نہیں جس سے دیگر قیدیوں کو جانی نقصان پہنچ سکے۔
یہ ایک وارڈ ہے اس میں اسپتال طرز کے بیڈ بھی لگے ہیں ذرائع کے مطابق ملزمہ نتاشا دانش کو اسی وارڈ میں رکھا گیا ہے اور یہ جگہ اس مقام سے پہلے ہے جہاں قیدیوں کو رکھا جاتا ہے۔
ذرائع کے مطابق ملزمہ کو اس وارڈ میں بیڈ دیا گیا ہے اور جب سے انہیں عدالتی تحویل میں رکھا گیا ہے یہ قیدیوں کے وارڈ میں نہیں گئیں۔
نتاشا دانش عام قیدیوں کے ساتھ ہوتی ہیں؟
جیل ذرائع کے مطابق ملزمہ نتاشا دانش آزاد قیدی ہے جو جس وقت جہاں جانا چاہیں ان پر کوئی قدغن نہیں ہے۔ وہ نفسیاتی اسپتال کے بیڈ پر ہوتی ہیں اور اس کے علاوہ کہیں اور بھی آجا سکتی ہیں۔
جیل میں نتاشا کو ملنے والی سہولیات
ذرائع نے بتایا کہ نتاشا دانش کو جیل میں جو سہولیات دی گئی ہیں ان میں بیڈ، اے سی، فریج، اوون، گھر کا کھانا، اچار، چاکلیٹس اور وائی فائی کی سہولیات بھی شامل ہیں۔